بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کا میجر شہید

بلوچستان میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 4 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کا میجر شہید

راولپنڈی: آئی ایس پی آر کے مطابق بلوچستان کے ضلع قلات اور گوادر میں بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں، جن کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک جبکہ پاک فوج کے میجر وجاہت وحید نے جامِ شہادت نوش کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق انٹیلی جنس اداروں نے ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد اور ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانوں کی موجودگی کی اطلاع دی تھی، جہاں دہشت گرد مقامی آبادی کے لیے خطرہ بنے ہوئے تھے۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق 18 اکتوبر 2026 کو ضلع قلات کے علاقے جٹک آباد میں انٹیلی جنس بنیادوں پر آپریشن کیا گیا۔ کارروائی کے دوران سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ شدید فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ اسلحے اور گولہ بارود کی بڑی مقدار بھی برآمد کرلی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ضلع گوادر کی تحصیل پسنی کے علاقے شادی کور میں دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشنز کیے جا رہے تھے کہ ایک کارروائی کے دوران میجر وجاہت وحید کی قیادت میں آگے بڑھنے والی سیکیورٹی فورسز کی ٹیم دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد (آئی ای ڈی) کا نشانہ بن گئی۔

دھماکے کے نتیجے میں لاہور سے تعلق رکھنے والے 34 سالہ میجر وجاہت وحید نے مادرِ وطن کے دفاع میں اپنی جان قربان کردی اور شہادت کے عظیم مرتبے پر فائز ہوگئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔ وفاقی ایپکس کمیٹی کی جانب سے منظور شدہ قومی ایکشن پلان کے تحت وژن ’’عزمِ استحکام‘‘ کے مطابق دہشت گردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رکھی جائے گی۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے بیرونی سرپرستی اور حمایت یافتہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پُرعزم ہیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں