ٹانک میں سی ٹی ڈی اور ڈسٹرکٹ پولیس کی مشترکہ کارروائی، ٹی ٹی پی بھٹنی گروپ کے تین دہشت گرد ہلاک
پشاور: خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور ڈسٹرکٹ پولیس نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کے دوران کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے بھٹنی گروپ سے تعلق رکھنے والے تین دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق کارروائی تھانہ ایس ایم اے کی حدود میں جنڈولہ روڈ کے علاقے گڑہ فقیرا میں کی گئی، جہاں پولیس اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا۔ مقابلے میں تین دہشت گرد مارے گئے۔
سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک دہشت گردوں میں سے دو کی شناخت اسامہ اور سلیمان کے ناموں سے ہوئی ہے، جبکہ تیسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔ ہلاک دہشت گرد ماضی میں دہشت گردی کی متعدد کارروائیوں میں بھی ملوث رہے۔
کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے تین کلاشنکوفیں، گولہ بارود سے بھرے 11 میگزین اور ایک موبائل فون برآمد کیا گیا۔
انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے کارروائی میں حصہ لینے والے پولیس اہلکاروں کی پیشہ ورانہ مہارت، جرأت اور بہادری کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
آئی جی پولیس ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبر پختونخوا سے دہشت گردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے سی ٹی ڈی اور پولیس کی کارروائیاں جاری رہیں گی۔