اسلام آباد میں ٹریفک پولیس کا انسان دوستی کا مظاہرہ، معذور شہری کی پنکچر گاڑی کا ٹائر خود تبدیل کرکے سفر آسان بنا دیا
اسلام آباد ماڈل ٹریفک پولیس شہریوں کو سفری سہولیات کی فراہمی اور دورانِ سفر فوری مدد کے لیے سرگرم عمل ہے، سی ٹی او کائنات اظہر خان کی قیادت میں ٹریفک پولیس افسران نے سڑک کنارے پریشان حال معذور شہری کی مدد کرکے جذبۂ خدمت کی ایک اور مثال قائم کردی۔
دارالحکومت کی ایک شاہراہ پر ایک معذور شہری کی گاڑی کا ٹائر پنکچر ہوگیا، شہری کافی دیر سے مدد کا منتظر تھا۔ دورانِ گشت معمول کی ڈیوٹی پر مامور ٹریفک پولیس افسران کی نظر سڑک کنارے کھڑی گاڑی اور پریشان شہری پر پڑی تو وہ فوری طور پر مدد کے لیے پہنچ گئے۔
ٹریفک پولیس اہلکاروں نے شہری کی مشکل کو دیکھتے ہوئے خود گاڑی کا جیک لگایا اور پنکچر ٹائر تبدیل کردیا۔ افسران کی بروقت کارروائی سے گاڑی دوبارہ سفر کے قابل ہوگئی اور شہری اپنی منزل کی جانب روانہ ہوگیا۔
معذور شہری نے ٹریفک پولیس افسران کے بروقت تعاون، حسنِ سلوک اور جذبۂ خدمت کو سراہتے ہوئے ان کا شکریہ ادا کیا۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق شہریوں کی مدد، سہولت اور محفوظ سفر کو یقینی بنانا ٹریفک پولیس کی ذمہ داریوں میں شامل ہے اور افسران دورانِ ڈیوٹی شہریوں کی ہر ممکن معاونت کے لیے کوشاں رہتے ہیں۔