لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کا لکی مروت سے آغاز 8 اکتوبر کو خیرآباد پر آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی

خیبرپختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے پی ٹی آئی کے مجوزہ لانگ مارچ کے پہلے مرحلے کے شیڈول کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مارچ کا آغاز آج 4 اکتوبر کو لکی مروت کے گنڈی چوک سے ہوگا، جبکہ 8 اکتوبر کو پورے خیبرپختونخوا کے قافلے خیرآباد کے مقام پر جمع ہوں گے جہاں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے مطابق 4 اکتوبر کو لکی مروت کے گنڈی چوک سے دوپہر ایک بجے لانگ مارچ کا پہلا مرحلہ شروع ہوگا، جس میں ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، جنوبی وزیرستان، شمالی وزیرستان، بنوں اور لکی مروت سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوں گے۔ قافلہ رات کو کرک کے قریب پڑاؤ کرے گا۔

انہوں نے بتایا کہ 5 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کرک کے عوام قافلے میں شامل ہوں گے، جبکہ ساڑھے 12 بجے وہاں سے روانگی ہوگی اور رات کو کوہاٹ کے قریب قیام کیا جائے گا۔

سہیل آفریدی کے مطابق 6 اکتوبر کو دوپہر 12 بجے کوہاٹ، ہنگو، کرم اور اورکزئی کے قافلے مارچ میں شامل ہوں گے، جس کے بعد قافلہ کوہاٹ سے پشاور کی جانب روانہ ہوگا اور رات متنی کے قریب گزاری جائے گی۔

7 اکتوبر کو پشاور کے بڈھ بیر کے مقام سے دوپہر ساڑھے 12 بجے قافلہ روانہ ہوگا، جہاں ضلع خیبر سے تعلق رکھنے والے افراد بھی مارچ میں شامل ہوں گے۔ پشاور کے دیگر حلقے کوہاٹ روڈ پل اور موٹروے ٹول پلازا کے مقامات پر قافلے کا حصہ بنیں گے، جبکہ رات چارسدہ انٹرچینج کے قریب قیام ہوگا۔

وزیراعلیٰ نے بتایا کہ 8 اکتوبر کو دوپہر ساڑھے 12 بجے چارسدہ انٹرچینج سے روانگی ہوگی، جہاں چارسدہ اور مہمند کے قافلے شامل ہوں گے۔ ان کے مطابق اسی روز پورے خیبرپختونخوا کے لوگ خیرآباد کے مقام پر اکٹھے ہوں گے، رات وہیں قیام کیا جائے گا اور اس کے بعد کے لائحہ عمل کا اعلان خیرآباد میں کیا جائے گا۔

ادھر ڈیرہ اسماعیل خان میں سابق وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی رہائش گاہ کے باہر بھی لانگ مارچ کے حوالے سے تیاریاں کی گئیں، تاہم روانگی کے وقت تک رہائش گاہ کے باہر بڑا اجتماع نظر نہیں آیا۔ اطلاعات کے مطابق لانگ مارچ کا قافلہ ڈی آئی خان سے گنڈی چوک لکی مروت کی جانب روانہ ہونا ہے، جبکہ کوئٹہ، جنوبی پنجاب، جنوبی وزیرستان اور ٹانک کے قافلوں کی شرکت بھی متوقع ہے۔

دوسری جانب جنوبی اضلاع میں امن و امان کے پیش نظر مختلف علاقوں میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ ڈی آئی خان ڈویژن کے چاروں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے الگ الگ اعلامیے جاری کیے ہیں۔

اعلامیوں کے مطابق اپر جنوبی وزیرستان میں بارود سے بھری گاڑی کی اطلاع کے بعد تین روز کے لیے نقل و حرکت پر پابندی عائد کی گئی ہے، جبکہ لوئر جنوبی وزیرستان میں بھی بارود سے بھری گاڑی کی اطلاع کے باعث گاڑیوں کی نقل و حرکت 10 روز کے لیے محدود کردی گئی ہے۔

ڈی آئی خان میں امن و امان کے پیش نظر مختلف شاہراہوں پر 4 سے 6 اکتوبر تک پابندیاں عائد کی گئی ہیں، جبکہ ٹانک میں سکیورٹی قافلے کی نقل و حرکت کے باعث مختلف روٹس پر 5 اکتوبر تک پابندی نافذ رہے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں