پشاور میں جماعت اسلامی کی پیٹرولیم لیوی کے خلاف موٹرسائیکل ریلی، اسلام آباد مارچ کی دھمکی
پشاور میں جماعت اسلامی نے پیٹرولیم لیوی ٹیکس کے خلاف موٹرسائیکل ریلی نکالی جو دین بہار کالونی چارسدہ روڈ سے شروع ہو کر جی ٹی روڈ اور سٹی سرکلر روڈ سے گزرتی ہوئی سرکی گیٹ پر اختتام پذیر ہوئی۔
ریلی کی قیادت جماعت اسلامی کے صوبائی امیر عبدالواسع، ضلعی امیر حمداللہ جان اور سٹی امیر حافظ حمیداللہ ایڈووکیٹ سمیت دیگر قائدین نے کی، جبکہ ریلی میں نوجوانوں اور محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
اس موقع پر عبدالواسع نے کہا کہ حکومت قرضوں کی ادائیگی کے لیے ٹیکس وصولی کا ہدف حاصل کرنے میں ناکام ہے اور آئی ایم ایف کی ایما پر غریب عوام کو کچلنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت روزانہ کی بنیاد پر پیٹرول کی قیمتوں میں اضافے کے ذریعے عوام پر پیٹرول بم گرا رہی ہے۔
عبدالواسع نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے گزشتہ ایک سال کے دوران پیٹرولیم لیوی کی مد میں عوام سے 1900 ارب روپے وصول کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ 25 کروڑ عوام کے لیے یکساں ریلیف کا مطالبہ کر رہی ہے۔
انہوں نے خبردار کیا کہ اگر وزیراعظم نے پیٹرول اور پیٹرولیم لیوی ٹیکس میں عوام کو ریلیف دینے کا وعدہ پورا نہ کیا تو جماعت اسلامی اسلام آباد مارچ کا آغاز کرے گی۔