ایم ڈی کیٹ طلباء کو نمبرز بڑھوانے کا جھانسہ دینے والا گروہ گرفتار، ایف آئی اے مردان کا رات بھر بڑا آپریشن
پشاور: ایف آئی اے مردان نے ایم ڈی کیٹ امتحان میں پیسے لے کر نمبرز بڑھوانے کا جھانسہ دینے اور طلباء و والدین سے رقم بٹورنے والے گروہ کے خلاف رات بھر کارروائی کرتے ہوئے نیٹ ورک کے مرکزی اور اہم ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ایف آئی اے ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان مبینہ طور پر طلباء اور ان کے والدین کو رقم کے عوض ایم ڈی کیٹ امتحان میں نمبرز بڑھوانے کی یقین دہانی کراکے رقم وصول کرتے تھے۔
ایف آئی اے ٹیم نے کارروائی کے دوران گرفتار ملزمان کے موبائل فونز قبضے میں لے کر فارنزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے ہیں۔ ترجمان کے مطابق موبائل فونز سے حاصل ہونے والے ڈیجیٹل اور ٹیکنیکل ڈیٹا کی روشنی میں مزید شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔
ایف آئی اے کے مطابق ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی کا آغاز کردیا گیا ہے جبکہ گروہ میں ملوث دیگر افراد کی گرفتاری اور پورے نیٹ ورک کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش کا دائرہ مزید وسیع کردیا گیا ہے۔