کراچی کے گلبائی شیر شاہ میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، انتہائی مطلوب دہشتگرد قاری سیف اللہ ہلاک

کراچی کے گلبائی شیر شاہ میں رینجرز اور سی ٹی ڈی کی کارروائی، انتہائی مطلوب دہشتگرد قاری سیف اللہ ہلاک

کراچی کے علاقے گلبائی شیر شاہ میں پاکستان رینجرز سندھ اور سی ٹی ڈی سندھ نے خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کی، جس کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والا انتہائی مطلوب دہشتگرد ہلاک ہوگیا۔

ترجمان سندھ رینجرز کے مطابق ہلاک دہشتگرد کی شناخت قاری ضیاء الرحمٰن عرف قاری سیف اللہ کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق باجوڑ، خیبر پختونخوا سے تھا۔ کارروائی کے دوران دہشتگرد کے قبضے سے اسلحہ اور بارود بھی برآمد کیا گیا۔

ترجمان کے مطابق قاری سیف اللہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پاکستان آرمی اور ایف سی کے کیمپوں پر متعدد حملوں سمیت دہشتگردی کی کئی کارروائیوں میں انتہائی مطلوب تھا۔ دہشتگرد نے 2006 میں فتنہ الخوارج کے قاری درویش عرف باندی وان گروہ میں شمولیت اختیار کی اور باجوڑ کے ایک ٹریننگ کیمپ میں دہشتگردی کی تربیت حاصل کی۔

قاری سیف اللہ 2006 سے 2008 تک مولوی فقیر محمد کے خفیہ ٹھکانوں پر پکٹ ڈیوٹی انجام دیتا رہا جبکہ 2007 میں باجوڑ میں پاکستان آرمی کے کیمپ پر حملے سمیت متعدد کارروائیوں میں ملوث رہا۔ 2012 میں آرمی آپریشن کے دوران افغانستان فرار ہوگیا، جہاں ننگرہار کے بندھار درا میں قائم کیمپ سے مزید تربیت حاصل کی اور افغان سرحد سے ملحق پاکستانی پوسٹوں پر ہونے والے حملوں میں بھی ملوث رہا۔

ترجمان کے مطابق ہلاک دہشتگرد حال ہی میں افغانستان سے کراچی منتقل ہوا تھا اور شہر کے حساس مقامات کو نشانہ بنانے کے لیے اپنا نیٹ ورک منظم کر رہا تھا۔

سندھ رینجرز نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ دہشتگردی سے متعلق کسی بھی مشتبہ سرگرمی یا عناصر کی اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ، رینجرز ہیلپ لائن 1101، سی ٹی ڈی ہیلپ لائن 1022 (ایکسٹنشن 4) یا رینجرز مددگار واٹس ایپ نمبر 03479001111 پر کال یا ایس ایم ایس کے ذریعے دیں۔ اطلاع دینے والے کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں