پشاور، کوئٹہ اور لاہور کے شہریوں کے لیے خوشخبری
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ ساؤتھ ایئر ویز کو پشاور سے کوئٹہ اور پشاور سے لاہور کے لیے فضائی آپریشن شروع کرنے کی اجازت مل گئی ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے صوبے کے عوام کو نئے فضائی روٹس کی منظوری پر مبارکباد دیتے ہوئے پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کا شکریہ ادا کیا ہے۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا ہے کہ پشاور ایئرپورٹ سے کوئٹہ اور لاہور کے لیے پروازیں شروع کرنے کی درخواست پر ساؤتھ ایئر ویز کے بھی مشکور ہیں۔ نئے فضائی روٹس سے خیبرپختونخوا کے شہریوں کو سفری سہولیات میسر آئیں گی اور صوبے کے دیگر علاقوں سے فضائی رابطے میں بھی بہتری آئے گی۔
گورنر خیبرپختونخوا کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال ایئرپورٹس سے بھی جلد فضائی سروس کا آغاز کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ساؤتھ ایئر ویز نے ڈیرہ اسماعیل خان اور چترال کے لیے نئے جہازوں کے ساتھ جلد پروازیں شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
فیصل کریم کنڈی نے امید ظاہر کی کہ نئے فضائی روٹس سے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع کا ملک کے دیگر شہروں سے رابطہ مزید مضبوط ہوگا اور عوام کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔