قطری وزیر خارجہ جمعرات کو ایران کا دورہ کریں گے
تہران: قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمٰن آل ثانی جمعرات کو ایران کا سرکاری دورہ کریں گے۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ قطری وزیر خارجہ دورۂ تہران کے دوران دوطرفہ تعلقات اور خطے کی تازہ صورتحال پر ایرانی حکام سے بات چیت کریں گے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران تہران اور واشنگٹن کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے ثالثی کی کوششوں میں بھی تیزی آئی ہے۔ اس سلسلے میں پاکستان کے آرمی چیف کے دورۂ ایران اور عمان کے وزیر خارجہ کے تہران پہنچنے کو اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
قطری وزیر خارجہ کے دورۂ ایران کو بھی خطے میں کشیدگی کم کرنے اور سفارتی رابطوں کو آگے بڑھانے کی کوششوں کے تناظر میں اہم قرار دیا جا رہا ہے۔
دورے کے دوران علاقائی صورتحال، باہمی تعلقات اور خطے میں امن و استحکام کے لیے جاری سفارتی کوششوں پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔