حضرو میں گھریلو تنازع پر فائرنگ، بیوی جاں بحق، ساس اور بہن زخمی، شوہر نے خودکشی کرلی

حضرو میں گھریلو تنازع پر فائرنگ، بیوی جاں بحق، ساس اور بہن زخمی، شوہر نے خودکشی کرلی

: اٹک سے تقریباً 25 کلومیٹر دور تحصیل حضرو کے محلہ منور آباد میں گھریلو تنازع پر شوہر نے مبینہ طور پر فائرنگ کرکے اپنی اہلیہ، ساس اور بہن کو زخمی کردیا، بعد ازاں خود کو گولی مار کر خودکشی کرلی۔ فائرنگ کے نتیجے میں اس کی 22 سالہ اہلیہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئیں، جبکہ ساس اور بہن زخمی ہوگئیں۔

تفصیلات کے مطابق محلہ منور آباد حضرو میں 22 سالہ احسان اللہ ولد نذیر نے مبینہ طور پر گھریلو تنازع پر گھر میں فائرنگ کردی، جس کے نتیجے میں اس کی 22 سالہ اہلیہ، 18 سالہ ہمشیرہ اور 40 سالہ خوش دامن زوجہ محمد لیاقت شدید زخمی ہوگئیں۔

فائرنگ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی ایمبولینسز موقع پر پہنچ گئیں۔ ریسکیو اہلکاروں نے زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو منتقل کیا، تاہم 22 سالہ خاتون زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئیں۔

واقعے کے بعد احسان اللہ نے مبینہ طور پر خود کو بھی گولی مار لی، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے دونوں جاں بحق افراد کی لاشیں ہسپتال منتقل کیں۔

پولیس کے مطابق میاں بیوی کی لاشوں کو ضروری قانونی کارروائی اور پوسٹ مارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیا گیا، جبکہ فائرنگ سے زخمی ہونے والی دونوں خواتین تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال حضرو میں زیر علاج ہیں۔

پولیس تھانہ حضرو نے واقعے کا مقدمہ درج کرکے مختلف پہلوؤں سے تفتیش شروع کردی ہے۔ پولیس واقعے کے محرکات اور فائرنگ کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کر رہی ہے۔

واقعے میں میاں بیوی کی ہلاکت اور دو خواتین کے زخمی ہونے کے باعث محلہ منور آباد اور گردونواح میں خوف و ہراس کی فضا پائی جاتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں