راجہ فاروق حیدر کی چناری، چکوٹھی آمد، شاندار استقبال، اظہارِ تشکر ریلی

راجہ فاروق حیدر کی چناری، چکوٹھی آمد، شاندار استقبال، اظہارِ تشکر ریلی

چناری، گجر بانڈی، چکوٹھی: سابق وزیراعظم آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان انتخابات میں کامیابی کے بعد چناری اور چکوٹھی پہنچے، جہاں عوام کی جانب سے ان کا شاندار استقبال کیا گیا۔ ان کی آمد پر چناری بازار سے چکوٹھی تک اظہارِ تشکر ریلی نکالی گئی، جس میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔

چکوٹھی کے مقام پر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے مظلوم کشمیریوں کی قربانیوں کو کسی صورت فراموش نہیں ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کے اندر امن، رواداری، پیار اور محبت کا دور واپس لانا ہے۔ مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف نے مظفرآباد میں کہا تھا کہ اگر مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئی تو ترقیاتی بجٹ ایک بار پھر کئی گنا بڑھائیں گے۔

راجہ فاروق حیدر نے کہا کہ نواز شریف کو آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کسی بھی دوسرے علاقے سے زیادہ عزیز ہے۔

سابق وزیراعظم آزادکشمیر نے پیپلزپارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آزادکشمیر میں پیسے کی سیاست کا رجحان انتہائی خطرناک ہے۔ ان کے مطابق پیپلزپارٹی نے لوگوں کے ضمیر خریدے۔

انہوں نے کہا کہ پیسوں کی سیاست کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، مودی کے پاس ان سے زیادہ پیسہ ہے۔

راجہ فاروق حیدر نے الزام عائد کیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے افسران خواتین سے پیپلزپارٹی کو ووٹ دینے کا حلف لیتے رہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے پوری انتظامی مشینری اور ریاستی وسائل اپنی جماعت کی کامیابی کے لیے استعمال کیے، لیکن اس کے باوجود عوام نے مسلم لیگ (ن) کو ووٹ دیے۔

راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا کہ عوام کے اعتماد کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور آزادکشمیر میں امن، ترقی، خوشحالی اور رواداری کے فروغ کے لیے اپنا کردار جاری رکھیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں