الیکشن کمیشن نے شاہد خاقان عباسی کی جماعت عوام پاکستان کو ڈی لسٹ کردیا
اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی جماعت عوام پاکستان پارٹی کو ڈی لسٹ کردیا، اس حوالے سے الیکشن کمیشن کی جانب سے باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق عوام پاکستان پارٹی کو مقررہ مدت میں انٹرا پارٹی انتخابات نہ کرانے کے باعث ڈی لسٹ کیا گیا۔ الیکشن کمیشن نے جماعت کو ڈی لسٹ کرنے کی منظوری اپنے اجلاس میں دی، جس کے بعد متعلقہ نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں کے لیے قانون کے تحت انٹرا پارٹی انتخابات کرانا اور ان کے نتائج و دیگر متعلقہ تفصیلات الیکشن کمیشن کو جمع کرانا ضروری ہے۔ مقررہ قانونی تقاضے پورے نہ کرنے کی صورت میں الیکشن کمیشن سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کرسکتا ہے۔
عوام پاکستان پارٹی سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور سابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سابق گورنر خیبرپختونخوا سردار مہتاب احمد خان سمیت دیگر رہنماؤں نے 2024 میں قائم کی تھی۔ الیکشن کمیشن نے جنوری 2025 میں عوام پاکستان پارٹی کو باضابطہ طور پر رجسٹر کیا تھا اور شاہد خاقان عباسی کو کنوینئر جبکہ مفتاح اسماعیل کو سیکرٹری جنرل تسلیم کیا تھا۔
الیکشن کمیشن نے اس وقت جماعت کے انٹرا پارٹی انتخابات کی تفصیلات بھی تسلیم کی تھیں، جس کے بعد عوام پاکستان کو انتخابی سیاست میں حصہ لینے کی راہ ہموار ہوئی تھی۔
عوام پاکستان پارٹی نے اپنے قیام کے وقت نظام میں تبدیلی اور روایتی سیاست سے ہٹ کر سیاسی کردار ادا کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔ جماعت کا نعرہ ’’بدلیں گے نظام‘‘ رکھا گیا تھا۔
حالیہ ڈی لسٹنگ کے بعد عوام پاکستان پارٹی کی سیاسی و قانونی حیثیت اور آئندہ کے لائحہ عمل کے حوالے سے اہم سوالات پیدا ہوگئے ہیں۔ جماعت کی جانب سے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف کسی قانونی فورم سے رجوع کرنے یا انٹرا پارٹی انتخابات کرانے کے بعد دوبارہ فہرست میں شامل ہونے کی کوشش کیے جانے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ عوام پاکستان پارٹی کو پہلے الیکشن کمیشن نے رجسٹر کیا تھا اور اسے انتخابی نشان بھی الاٹ کیا گیا تھا۔ فروری 2025 میں الیکشن کمیشن نے جماعت کو ’’دیوار گھڑی‘‘ کا انتخابی نشان الاٹ کیا تھا۔