صحافتی تنظیمیں خود فیک نیوز اور پروپیگنڈا کرنے والوں کا احتساب کریں، عظمیٰ بخاری
لاہور: وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ صحافت ایک مقدس، ذمہ دار اور باوقار پیشہ ہے، جبکہ جھوٹ اور پروپیگنڈا پھیلانے والا یوٹیوبر صحافی نہیں ہو سکتا۔
انہوں نے کہا کہ فیک نیوز اور بے بنیاد الزامات کی روک تھام وقت کی اہم ضرورت ہے۔ کسی کی پگڑی اچھالنا اظہارِ رائے نہیں بلکہ کردار کشی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ پاکستان میں ڈیجیٹل میڈیا کو غیر معمولی آزادی حاصل ہے، تاہم اس آزادی کے ساتھ ذمہ داری بھی لازم ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ صحافتی تنظیمیں اپنی صفوں میں موجود عناصر کا خود احتساب کریں اور مؤثر ڈسپلنری نظام قائم کریں تاکہ غلط کو غلط اور درست کو درست کہا جا سکے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ہر شخص موبائل اور مائیک اٹھا کر صحافی نہیں بن جاتا، صحافی کا کوئی سیاسی لیڈر نہیں ہوتا بلکہ وہ صرف صحافی ہوتا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب نے کہا کہ بیرونِ ملک بیٹھ کر پاکستان کے خلاف پروپیگنڈا کرنے والے عناصر صحافت کے نام کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جبکہ جھوٹ کو سچ بنا کر ڈالر کمانے والوں کو ہیرو نہیں بنایا جانا چاہیے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پنجاب حکومت صحافیوں کی فلاح و بہبود اور صحافت کے فروغ کے لیے اپنا تعاون جاری رکھے گی۔