قراقرم سرچ آپریشن: پاکستان آرمی ایوی ایشن نے 7 غیر ملکی کوہ پیماؤں کی میتیں اور امریکی خاتون کی جزوی باقیات اسکردو منتقل کر دیں

قراقرم سرچ آپریشن: پاکستان آرمی ایوی ایشن نے 7 غیر ملکی کوہ پیماؤں کی میتیں اور امریکی خاتون کی جزوی باقیات اسکردو منتقل کر دیں

اسکردو: قراقرم کے دشوار گزار پہاڑی سلسلے میں براڈ پیک کے علاقے میں جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران پاکستان آرمی ایوی ایشن نے اہم پیش رفت کرتے ہوئے 7 غیر ملکی کوہ پیماؤں کی میتیں اور ایک امریکی خاتون کوہ پیما کی جزوی باقیات اسکردو منتقل کر دی ہیں۔

ذرائع کے مطابق براڈ پیک پر لاپتا کوہ پیماؤں کی تلاش کے لیے پاکستان آرمی ایوی ایشن کا سرچ آپریشن مسلسل جاری ہے۔ انتہائی دشوار گزار جغرافیہ، بلند و بالا برفانی چوٹیاں اور خراب موسمی حالات کے باوجود ریسکیو ٹیمیں اپنی ذمہ داریاں انجام دے رہی ہیں۔

سرکاری اطلاعات کے مطابق دو لاپتا غیر ملکی کوہ پیماؤں کی تلاش تاحال جاری ہے، تاہم شدید خراب موسم، تیز ہواؤں اور محدود فضائی رسائی کے باعث ریسکیو کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔

پاک فوج نے جاں بحق کوہ پیماؤں کے اہلِ خانہ سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لاپتا افراد کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور آپریشن موسمی حالات بہتر ہوتے ہی مزید تیز کیا جائے گا۔
براڈ پیک سانحہ: آٹھ روزہ سرچ آپریشن میں مزید پانچ غیر ملکی کوہ پیماؤں کی لاشیں اسکردو منتقل، دو لاپتا افراد کی تلاش جاری

اسکردو: قراقرم کے خطرناک پہاڑی سلسلے میں واقع براڈ پیک پر آنے والے برفانی تودے (ایوالانچ) کے بعد جاری سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن آٹھویں روز بھی جاری رہا۔ پاکستان آرمی کے ہیلی کاپٹروں نے مزید پانچ غیر ملکی کوہ پیماؤں کی لاشیں اسکردو منتقل کر دیں، جس کے بعد اب تک مجموعی طور پر آٹھ لاپتا کوہ پیماؤں کی لاشیں برآمد کی جا چکی ہیں۔

اسکردو ایوی ایشن پر لاشوں کا استقبال سول و عسکری حکام، مقامی انتظامیہ، متعلقہ اداروں کے نمائندوں اور کوہ پیماؤں کی برادری نے کیا۔ تمام لاشوں کو قانونی اور طبی کارروائی کے لیے کمبائنڈ ملٹری ہسپتال (سی ایم ایچ) اسکردو منتقل کر دیا گیا۔

برآمد ہونے والوں میں عالمی شہرت یافتہ نیپالی کوہ پیما نرمل پرجا (Nirmal Purja) بھی شامل ہیں، جن کی ہلاکت کو عالمی کوہ پیمائی برادری کے لیے بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔

ریسکیو حکام کے مطابق برفانی تودے کے بعد لاپتا ہونے والے دس کوہ پیماؤں میں سے آٹھ کو تلاش کر لیا گیا ہے، جبکہ باقی دو افراد کی تلاش بدستور جاری ہے۔ لاپتا افراد میں پاکستانی کوہ پیما سہیل ساقی بھی شامل ہیں۔

ذرائع کے مطابق ڈرون سرویلنس کے ذریعے نو لاپتا کوہ پیماؤں کے ممکنہ مقامات کی نشاندہی کی گئی تھی، تاہم شدید خراب موسم، برف باری، تیز ہواؤں اور محدود فضائی رسائی کے باعث ریسکیو کارروائیاں بارہا متاثر ہوئیں۔ دن کی روشنی ختم ہونے اور موسمی حالات مزید خراب ہونے پر آج کا آپریشن عارضی طور پر معطل کر دیا گیا، جسے موسم سازگار ہونے کی صورت میں دوبارہ شروع کیا جائے گا۔

سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن پاکستان آرمی، مقامی ریسکیو ٹیموں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے جاری ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ باقی لاپتا کوہ پیماؤں تک رسائی اور ان کی حالت کی تصدیق کے لیے ہر ممکن کوشش کی جا رہی ہے۔

عالمی کوہ پیمائی برادری نے سانحے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق کوہ پیماؤں کے اہل خانہ سے تعزیت کی ہے، جبکہ لاپتا افراد کی محفوظ بازیابی کے لیے دعاؤں اور نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا جا رہا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں