
اٹک میں یومِ استحصال کشمیر، ریلی، واک اور دعائیہ تقریبات، کشمیریوں کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ
اٹک یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر اٹک میں ضلعی انتظامیہ، مختلف سرکاری محکموں، سیاسی و سماجی شخصیات اور سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ریلیوں، واکس، سیمینارز، پرچم کشائی اور خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا۔ شرکاء نے کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کیا۔
ضلع کونسل اٹک میں منعقدہ مرکزی تقریب کے مہمان خصوصی رکن قومی اسمبلی و سپریم جوڈیشل کونسل کے رکن شیخ آفتاب احمد تھے، جبکہ تقریب کی صدارت ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے کی۔ تقریب میں ڈی پی او سردار موارہن خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل انیل سعید، مسلم لیگ (ن) اٹک کے ضلعی صدر محمد سلیم شہزاد، چیئرمین ہیلتھ کمیٹی ملک حمید اکبر خان، چیف آفیسر بلدیہ اٹک سردار آفتاب احمد خان، چیف آفیسر ضلع کونسل علی عباس بخاری، محکمہ تعلیم کے افسران، ریسکیو 1122، وائلڈ لائف، پنجاب فوڈ اتھارٹی، پیرا فورس، سول ڈیفنس، ٹریفک پولیس، اٹک پولیس، محکمہ صحت، ستھرا پنجاب ایجنسی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔
کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ضلع کونسل ہال سے کچہری چوک تک واک بھی نکالی گئی۔ شرکاء نے بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ رکھی تھیں جبکہ ہاتھوں میں پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر کشمیری عوام کے حق میں نعرے درج تھے۔ صبح 9 بجے سائرن بجایا گیا اور کشمیری شہداء سے اظہارِ عقیدت کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔
رکن قومی اسمبلی شیخ آفتاب احمد نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست 2019 کو بھارت نے مقبوضہ کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام کے حقوق سلب کیے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے اور عالمی برادری کو چاہیے کہ بھارت پر دباؤ ڈالے کہ وہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کا احترام کرے۔
شیخ آفتاب احمد نے کہا کہ ظلم و ستم کے ذریعے کشمیریوں کی آزادی کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا۔ پاکستان کی عوام کشمیریوں کا مقدمہ بھرپور انداز میں لڑ رہی ہے اور حکومت و عوام کشمیریوں کی اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے۔
ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے کہا کہ کشمیر کی جنگ بیانیے کی جنگ ہے اور پاکستان کے 25 کروڑ عوام اس جنگ میں کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے حق میں آواز بلند کرنے کا سلسلہ جاری رہے گا۔
ڈی پی او اٹک سردار موارہن خان نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ان کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت جاری رکھے گی۔
دیگر مقررین، جن میں مسلم لیگ (ن) کے ضلعی صدر محمد سلیم شہزاد اور چیئرمین ہیلتھ کمیٹی ملک حمید اکبر سمیت دیگر شامل تھے، نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپور حمایت کا اعلان کیا اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق حل کرانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔
دریں اثناء سوشل ویلفیئر اینڈ بیت المال کے زیر اہتمام صنعت زار اٹک میں بھی یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے سیمینار منعقد ہوا۔ تقریب کی مہمان خصوصی ضلعی صدر مسلم لیگ (ن) شعبہ خواتین بیگم خالد مسرت رانا تھیں۔ ضلعی جنرل سیکرٹری خواتین ونگ راشدہ صدیق، ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر حبیب خالد، منیجر صنعت زار عارف محمود صدیقی، اساتذہ اور طالبات سمیت سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔
مقررین نے کہا کہ 5 اگست 2019 کشمیری عوام کے لیے تاریخ کا ایک سیاہ دن ہے۔ پاکستان کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری سے بھارتی اقدامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔
منیجر صنعت زار عارف محمود صدیقی نے کہا کہ خواتین کو بااختیار بنا کر ایک مضبوط اور بیدار معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے جو مظلوموں کے حقوق کے لیے مؤثر آواز اٹھائے۔ تقریب کے اختتام پر مقبوضہ کشمیر کی آزادی، کشمیری شہداء کے درجات کی بلندی اور پاکستان کی سلامتی و استحکام کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
ادھر ریسکیو 1122 اٹک کے افسران و اہلکاروں نے بھی ضلع کونسل اٹک کی ریلی، پرچم کشائی اور خصوصی دعائیہ تقریب میں شرکت کی اور کشمیری عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کیا۔ ریسکیو اہلکاروں نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کیا جائے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کی جانب سے بھی یومِ استحصال کشمیر کے موقع پر ملک بھر میں خصوصی تقریبات، واکس اور دعائیہ اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ موٹروے پولیس کے افسران نے کشمیری عوام سے اظہار یکجہتی کے لیے ریڈیو پاکستان سے ڈی چوک تک واک میں شرکت کی۔ ملک بھر کے ٹول پلازوں پر خصوصی بینرز آویزاں کیے گئے جبکہ موٹروے پولیس کے ایف ایم ریڈیو اسٹیشنز سے یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے خصوصی پروگرام نشر کیے گئے۔
اٹک کی تمام تحصیلوں میں بھی یومِ استحصال کشمیر کے حوالے سے ریلیوں اور تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جن میں شہریوں، سرکاری ملازمین، طلبہ اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔ تقریبات کے اختتام پر کشمیری عوام، پاکستان کی سلامتی، ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔