اے بی این کی مبینہ سگریٹ مافیا اسٹوری پر طلب کی گئی میٹنگ منسوخ

بڑی خبر: اے بی این کی مبینہ سگریٹ مافیا اسٹوری پر طلب کی گئی میٹنگ منسوخ

اسلام آباد: اے بی این نیوز کی مبینہ سگریٹ مافیا سے متعلق انویسٹی گیشن اسٹوری کے معاملے پر این سی سی آئی اے کے ڈی جی، متعلقہ رپورٹر، چینل کے مالک اور بیورو چیف کو طلب کرنے کے لیے پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ، وزارتِ اطلاعات میں بلائی گئی میٹنگ منسوخ کر دی گئی۔

ذرائع کے مطابق میٹنگ منسوخ کرنے کے حوالے سے موقف اختیار کیا گیا کہ مذکورہ معاملہ پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا۔

اے بی این نیوز کی جانب سے مبینہ سگریٹ مافیا سے متعلق نشر کی گئی انویسٹی گیشن اسٹوری میں موٹر وے پولیس اور کسٹمز کی کارروائیوں، غیر قانونی سگریٹ کی برآمدگی، مبینہ ٹیکس چوری اور بعض کاروباری روابط سے متعلق سوالات اٹھائے گئے تھے۔

دوسری جانب اس معاملے پر صحافی، رپورٹر اور میڈیا ادارے کے خلاف ممکنہ قانونی و فوجداری کارروائی سے متعلق اطلاعات بھی سامنے آئی تھیں، جس کے بعد آزادیٔ صحافت اور تحقیقاتی صحافت کے تحفظ پر بحث شروع ہوئی۔

صحافتی حلقوں کا کہنا ہے کہ اگر کسی خبر کے مندرجات میں غلطی، بے بنیاد الزام یا کسی فرد کی ساکھ متاثر ہونے کا معاملہ ہو تو متعلقہ فریق کو قانون کے مطابق اپنا مؤقف پیش کرنے اور دستیاب قانونی فورمز سے رجوع کرنے کا حق حاصل ہے۔

تاہم خبر کی بنیاد پر صحافی یا میڈیا ادارے کے خلاف فوجداری کارروائی کے مطالبات آزادیٔ صحافت اور اظہارِ رائے کے آئینی حق کے حوالے سے اہم سوالات ضرور اٹھاتے ہیں۔

خبر دینا جرم نہیں، تاہم ذمہ دارانہ اور تصدیق شدہ صحافت لازم ہے۔ تحقیقاتی صحافت کا تقاضا ہے کہ معلومات کی تصدیق کی جائے، متعلقہ فریقین کا مؤقف شامل کیا جائے اور کسی شخص کو عدالتی فیصلے کے بغیر مجرم قرار نہ دیا جائے۔

پریس انفارمیشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے میٹنگ منسوخ کیے جانے اور یہ مؤقف اختیار کیے جانے کہ معاملہ اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتا، اسے صحافتی حلقوں کی جانب سے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

Good Decision Indeed — آزادیٔ صحافت اور ادارہ جاتی دائرہ اختیار دونوں کا احترام ضروری ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں