کوئٹہ (رپورٹ): یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر ضلعی انتظامیہ کوئٹہ کے زیرِ اہتمام کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے ریلی نکالی گئی، جس میں شرکاء نے کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اظہار کیا۔
ریلی کی قیادت حریت رہنما حسن بنا، اسسٹنٹ کمشنر سٹی محمد امیر حمزہ، اسسٹنٹ کمشنر صدر محمد یوسف ہاشمی اور سی ایم او میٹروپولیٹن کارپوریشن نذر زہری نے کی۔ ریلی ڈپٹی کمشنر آفس سے شروع ہو کر شہر کی مختلف شاہراہوں سے گزرتی ہوئی اختتام پذیر ہوئی۔
دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی سے کشمیر آل پارٹیز حریت کانفرنس کے رہنما حسن بنا نے کوئٹہ میں ملاقات کی۔ ملاقات میں مقبوضہ جموں و کشمیر کی تازہ صورتحال، کشمیری عوام کی جدوجہدِ حقِ خودارادیت اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
حسن بنا نے کشمیری عوام سے اظہارِ یکجہتی اور مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کے حوالے سے حکومت بلوچستان اور وزیراعلیٰ کے مؤقف اور اقدامات کو سراہا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل طلب ایک بین الاقوامی تنازع ہے، جس کا منصفانہ اور پائیدار حل کشمیری عوام کو ان کا بنیادی حق، یعنی حقِ خودارادیت فراہم کیے بغیر ممکن نہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان کے عوام اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑے رہے ہیں اور مستقبل میں بھی ان کی ہر ممکن سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے بے مثال قربانیاں دے کر آزادی کی جدوجہد کو زندہ رکھا ہے اور ان کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا نوٹس لے اور کشمیری عوام کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اپنے مستقبل کا فیصلہ کرنے کا حق دلانے کے لیے مؤثر کردار ادا کرے۔