واہ کینٹ: 15 سالہ طالب علم سے مبینہ اجتماعی زیادتی اور بلیک میلنگ، مقدمہ درج

راولپنڈی: تھانہ صدر واہ کینٹ میں 15 سالہ نویں جماعت کے طالب علم سے مبینہ اجتماعی زیادتی، بلیک میلنگ اور ہراسانی کے الزام میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق مقدمہ مدعی ملک زوہیر آصف کی درخواست پر درج کیا گیا، جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کا 15 سالہ بھائی، جو مقامی اسکول میں نویں جماعت کا طالب علم ہے، گزشتہ کچھ عرصے سے ذہنی دباؤ کا شکار تھا۔

درخواست کے مطابق اہل خانہ کی جانب سے پوچھ گچھ پر طالب علم نے مبینہ طور پر بتایا کہ اس کا ایک دوست اسے ایک حویلی میں لے گیا، جہاں موجود بعض افراد نے مبینہ طور پر اسے دھمکایا اور زیادتی کا نشانہ بنایا۔ درخواست میں الزام عائد کیا گیا ہے کہ اس دوران ویڈیوز اور تصاویر بھی بنائی گئیں اور بعد ازاں انہیں وائرل کرنے اور جان سے مارنے کی دھمکیاں دے کر خاموش رہنے پر مجبور کیا گیا۔

ایف آئی آر کے مطابق بعد ازاں دیگر نامزد افراد نے بھی مبینہ طور پر ویڈیوز کے ذریعے طالب علم کو بلیک میل اور ہراساں کیا اور اس کے ساتھ زیادتی کی۔

پولیس نے مقدمہ درج کرکے واقعے کی تفتیش شروع کردی ہے، جبکہ تفتیشی عمل SSIOU کے سب انسپکٹر ظہیر احمد کے سپرد کیا گیا ہے۔ پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور دستیاب شواہد کی روشنی میں قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمے میں عائد الزامات کی تفتیش جاری ہے اور مزید پیش رفت شواہد سامنے آنے کے بعد ہوگی۔

واضح رہے کہ ایف آئی آر میں درج الزامات ابتدائی نوعیت کے ہیں، جن کی حتمی قانونی حیثیت کا تعین تفتیش، شواہد اور عدالتی کارروائی کے بعد ہوگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں