وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی کا رات گئے جلسہ گاہ کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے رات گئے مرکزی جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور کل ہونے والے عوامی اجتماع کے انتظامات اور شرکاء کے لیے فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

وزیراعلیٰ نے جلسہ گاہ میں موجود کارکنوں سے ملاقات کی اور ان کے جوش و جذبے کو سراہا۔ انہوں نے کامیاب اور منظم اجتماع کے لیے کارکنوں اور منتظمین کی جانب سے کی جانے والی کاوشوں کو بھی سراہا۔

اس موقع پر وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کارکنوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کل پاکستان کی تاریخ کا ایک بڑا دن ہے۔ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے مقبول جماعت بن چکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ 9 اپریل 2022 کو جمہوری حکومت کو گرایا گیا، جس کے بعد ملکی حالات خراب ہوئے۔ بانی چیئرمین کی گرفتاری کو تین سال مکمل ہوچکے ہیں اور اب ایک سیاسی جلسہ کرنے جا رہے ہیں۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ بند کمروں کے فیصلوں کی وجہ سے خیبرپختونخوا کے حالات خراب ہیں، تاہم وہ صوبے کے حالات ٹھیک کرکے دکھائیں گے۔

بعد ازاں وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جلسے کے تمام انتظامات بروقت مکمل کیے جائیں اور عوام و کارکنوں کو بہترین سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کامیاب اجتماع کے لیے کارکنوں اور منتظمین کے لیے نیک خواہشات کا اظہار بھی کیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں