یومِ شہدائے پولیس: موٹروے پولیس ہیڈکوارٹرز میں پروقار تقریب، عبدالعلیم خان کی شہداء کو خراجِ عقیدت
اسلام آباد (پ ر) یومِ شہدائے پولیس پاکستان کے موقع پر نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس ہیڈکوارٹرز میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، جس میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری سمیت اعلیٰ پولیس افسران، اہلکاروں اور شہداء کے اہل خانہ نے بھی شرکت کی۔
وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے یادگارِ شہداء پر حاضری دی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ 4 اگست قومی تاریخ کا ایک اہم دن ہے۔ صفوت غیور کی عظیم شہادت تمام سیکیورٹی فورسز کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس کے 59 شہداء سمیت تمام شہداء کی قربانیاں ناقابلِ فراموش ہیں، قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ پیٹرولنگ افسران کے تحفظ کے لیے ٹول پلازوں کے قریب جدید پولیس اسٹیشنز، پارکنگ اور ایمبولینس سروس قائم کی جا رہی ہے تاکہ موٹروے پولیس کے افسران کو بہتر سہولیات اور محفوظ ماحول فراہم کیا جا سکے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کا ریونیو 2024 میں 64 ارب روپے سے بڑھ کر 2026 میں 127 ارب روپے سے تجاوز کر گیا ہے۔ مالیاتی خودکفالت کے باعث بیرونی امداد کے بغیر اپنے وسائل سے شاہراہوں کا جال بچھایا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان سے سندھ، بلوچستان اور پنجاب تک موٹرویز کی تاریخی توسیع جاری ہے۔ مری ایکسپریس وے کی مظفرآباد تک توسیع سے آزاد کشمیر کے عوام کو بین الاقوامی معیار کی سفری سہولیات میسر آئیں گی۔
عبدالعلیم خان کے مطابق MNJC موٹروے شاہراہِ قراقرم کا بہترین متبادل ثابت ہوگی اور چین کے ساتھ اسٹریٹجک رابطوں کو مزید مضبوط کرے گی۔ سیالکوٹ، کھاریاں، راولپنڈی شاہراہ کی تکمیل سے اسلام آباد سے لاہور کے سفر میں تقریباً 100 کلومیٹر اور ایک گھنٹے کی بچت ہوگی۔
وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ M-10 اور لیاری ایکسپریس وے کراچی پورٹ سے تجارتی نقل و حمل کو آسان بنا رہے ہیں، جبکہ M-6 پر بھی جلد کام شروع ہوتا نظر آئے گا۔
انہوں نے بتایا کہ کرتارپور اور ننکانہ صاحب کو آپس میں ملانے کے لیے ’’گرو نانک ایکسپریس وے‘‘ پر کام جاری ہے۔ اس منصوبے سے دنیا بھر کی سکھ برادری کے لیے مذہبی سیاحت اور بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ ملے گا۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ گلگت کی سیاحتی سڑکوں پر بھی کام کیا جا رہا ہے، جبکہ این-25 کو اگلے سال تک مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ بلوچستان میں M-8 موٹروے کے منصوبوں سے ایران کے ساتھ سرحدی تجارت اور علاقائی روابط کو مزید تقویت ملے گی۔
وفاقی وزیر مواصلات نے موٹروے پولیس کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ہماری موٹروے پولیس پورے خطے کے لیے ایک مثال ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آئی جی موٹروے پولیس سلطان احمد چوہدری نے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ موٹروے پولیس اپنے شہداء اور ان کے خاندانوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گی اور شہداء کے خاندانوں کے ساتھ ہمیشہ کھڑی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ شہداء نے ملک و قوم کی حفاظت اور فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔ تقریب کے اختتام پر شہداء کے درجات کی بلندی اور ملک و قوم کی سلامتی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی۔