اسلام آباد ایئرپورٹ پر کروڑوں روپے کے سامان کی مبینہ غیر قانونی کلیئرنس، کسٹمز اہلکاروں پر سازباز کا الزام

اسلام آباد: اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کسٹمز حکام کی مبینہ ملی بھگت سے 2 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا سامان بغیر کسٹمز ڈیوٹی وصول کیے کلیئر کیے جانے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔

ذرائع کے مطابق یہ واقعہ مبینہ طور پر انسپکٹر کسٹمز ودود کی شفٹ کے دوران پیش آیا، جہاں ارسلان قریشی نامی شخص کا سامان مبینہ طور پر کسٹمز ڈیوٹی کی ادائیگی کے بغیر کلیئر کیا گیا۔

دعویٰ کیا گیا ہے کہ سامان لے کر ارسلان قریشی کے ساتھی 2 اگست کی صبح تقریباً 5 بجے ایئرپورٹ سے باہر نکلے۔ ایوب پارک کے قریب ایک گاڑی نے انہیں روک لیا، جس میں سوار افراد نے مبینہ طور پر خود کو انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) کے اہلکار ظاہر کیا۔

درخواست کے مطابق مذکورہ افراد نے سامان ضبط کرنے کا کہا اور 2 کروڑ 50 لاکھ روپے سے زائد مالیت کا تمام سامان اپنے قبضے میں لے کر چلے گئے۔

واقعے کے بعد مبینہ طور پر سامان کے مالک/متعلقہ شخص کی جانب سے تھانہ مورگاہ، راولپنڈی میں مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست بھی جمع کرائی گئی ہے۔

دوسری جانب واقعے میں کسٹمز اہلکاروں کی مبینہ ملی بھگت، سامان کی غیر قانونی کلیئرنس اور بعد ازاں خود کو آئی بی اہلکار ظاہر کرکے سامان لے جانے والے افراد کے حوالے سے مختلف سوالات اٹھ رہے ہیں۔

تاہم ان الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔ کسٹمز حکام، ایف بی آر، آئی بی اور پولیس کا مؤقف سامنے آنے کے بعد معاملے کی مزید صورتحال واضح ہوسکے گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں