پشاور ریوائٹلائزیشن پلان کے تحت 34 پارکس کی اپگریڈیشن کا آغاز، وزیراعلیٰ نے منصوبے کا افتتاح کر دیا
پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے پشاور ریوائٹلائزیشن پلان کے تحت شہر کے 34 پارکس کی اپگریڈیشن منصوبے کا شاہی باغ میں افتتاح کر دیا۔ تقریب میں منصوبے پر عملی کام کا باضابطہ آغاز بھی کر دیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق 34 موجودہ پارکس کی اپگریڈیشن کا منصوبہ ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا، جبکہ تمام پارکس پر بیک وقت تعمیراتی اور اپگریڈیشن کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ منصوبے کو مؤثر عملدرآمد اور شہری سہولیات کی فراہمی کے لیے پانچ مختلف پیکجز میں تقسیم کیا گیا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ عمران خان کے وژن کے مطابق پشاور کی بحالی پر کام جاری ہے اور پشاور ریوائٹلائزیشن پلان کے تمام منصوبے مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ شہریوں کو جدید سفری سہولیات فراہم کرنے کے لیے اربن ٹرین منصوبہ بھی شروع کیا جائے گا، جبکہ آؤٹر رنگ روڈ منصوبہ رواں سالانہ ترقیاتی پروگرام (اے ڈی پی) میں شامل ہے اور اس کی فزیبلٹی اسٹڈی آخری مراحل میں ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے مشکلات کے باوجود تاریخی ترقیاتی بجٹ دیا ہے۔ ان کے مطابق گزشتہ مالی سال میں 129 ارب روپے کے ریونیو ہدف کے مقابلے میں 150 ارب روپے وصول کیے گئے، جبکہ رواں مالی سال کے لیے 180 ارب روپے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جسے 200 ارب روپے تک بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت نے کوئی نیا ٹیکس عائد نہیں کیا بلکہ کفایت شعاری اور غیر ضروری اخراجات میں کمی کی پالیسی اپنائی۔
اپنے خطاب کے سیاسی حصے میں وزیراعلیٰ نے وفاقی حکومت کی معاشی اور سیاسی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے متعدد دعوے کیے۔ انہوں نے عوام، بالخصوص نوجوانوں سے 5 اگست کو پشاور ٹول پلازہ پر منعقدہ جلسے میں شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ اس اجتماع میں آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا۔