ن لیگ شکست کے خوف سے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے، شیری رحمان

ن لیگ شکست کے خوف سے آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے، شیری رحمان

اسلام آباد: نائب صدر پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر شیری رحمان نے مسلم لیگ ن کی جانب سے آزاد کشمیر کے انتخابات کو متنازع بنانے کی کوششوں کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ شکست کے خوف سے ن لیگ جان بوجھ کر آزاد کشمیر کے انتخابی عمل کو متنازع بنانے کی کوشش کر رہی ہے۔ کشمیری عوام باشعور ہیں اور وہ اپنا فیصلہ خود کرنا جانتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کا رشتہ آج کا نہیں بلکہ برسوں پر محیط ہے۔ اگر کشمیری عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دینا چاہتے ہیں تو ن لیگ کو اس پر اعتراض کیوں ہے؟

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ ایل اے 12 میں مسلح افراد کے داخل ہونے کی اطلاعات انتہائی تشویشناک ہیں۔ ن لیگ کی جانب سے بے بنیاد الزامات کے باوجود ایل اے 10 کا انتخابی عملہ تبدیل کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ن لیگ اوچھے ہتھکنڈوں سے عوامی مینڈیٹ نہیں چھین سکتی۔ ہر قسم کے دباؤ کے باوجود کشمیری عوام اپنا فیصلہ خود کریں گے، جمہوریت کی فتح عوام کے آزاد فیصلے میں ہے۔

شیری رحمان نے کہا کہ ن لیگ جو مرضی ہتھکنڈے استعمال کر لے، کامیابی پاکستان پیپلز پارٹی کی ہوگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور حقِ حاکمیت، حقِ ملکیت اور حقِ روزگار ہے، جس کے تحت کشمیری عوام چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ووٹ دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو اپنے جمہوری حقِ رائے دہی سے محروم نہیں کیا جانا چاہیے، ان کے ووٹ اور فیصلے کا ہر صورت احترام کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں