امیرالعظیم کے انتقال پر تعزیتوں کا سلسلہ جاری، وزیراعظم شہباز شریف سمیت اہم شخصیات کا اظہارِ افسوس
لاہور (26 جولائی 2026ء) — جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کے انتقال پر ملک و بیرونِ ملک سے تعزیتوں کا سلسلہ جاری ہے۔
وزیراعظم شہباز شریف نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن، مرحوم کے بھائیوں اور صاحبزادوں سے ٹیلیفون پر رابطہ کرکے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے امیرالعظیم کی دینی، سیاسی اور قومی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے مرحوم کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
سابق وزیراعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین، تحریک منہاج القرآن کے سربراہ ڈاکٹر محمد طاہرالقادری اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے بھی امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
خواجہ سعد رفیق نے منصورہ پہنچ کر امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کی، فاتحہ خوانی کی اور مرحوم کی قومی، سیاسی اور دینی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اسلام آباد میں افغانستان اسلامی امارت کے سفارت خانے نے بھی تعزیتی پیغام میں امیرالعظیم کو مدبر، باوقار اور مؤثر رہنما قرار دیتے ہوئے ان کی دینی اور معاشرتی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔
جامعہ اشرفیہ لاہور کے علماء اور منتظمین، جبکہ مرکزی جمعیت اہل حدیث سعودی عرب کے صدر عبدالمالک مجاہد نے بھی امیرالعظیم کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا اور مرحوم کے لیے مغفرت، بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔
شعبہ اطلاعات جماعت اسلامی پاکستان کے مطابق سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کی وفات پر ملک و بیرونِ ملک سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔