پیپلز پارٹی گزشتہ چار ماہ سے آزادکشمیر انتخابات ملتوی کروانے کی سازش کر رہی ہے، طارق فاروق
بھمبر: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سیکرٹری جنرل چوہدری طارق فاروق نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی گزشتہ چار ماہ سے آزادکشمیر کے انتخابات ملتوی کروانے کی سازش کر رہی ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر نے پیپلز پارٹی سے مشاورت کے بعد سیکیورٹی فورسز کی عدم دستیابی کے باعث مرحلہ وار انتخابات کا فیصلہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ میرپور ڈویژن کے ساتھ مہاجرین نشستوں کا انتخاب کروایا جا رہا تھا، تاہم پیپلز پارٹی کے انکار کے بعد مظفرآباد ڈویژن کے ساتھ مہاجرین کے انتخابات کروانے کا فیصلہ کیا گیا۔
طارق فاروق کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کو اب حالات کا احساس ہوگیا ہے، اسی لیے واویلا مچا رہی ہے۔ مسلم لیگ (ن) میرپور ڈویژن کی دس نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی قیادت کی جانب سے سیاسی فائدے کے لیے آزادکشمیر کی صورتحال پر غیر ذمہ دارانہ گفتگو کی توقع نہیں تھی۔
لیگی رہنما نے کہا کہ سابق وزیراعظم انوار الحق نے پیپلز پارٹی حکومت سے 18 کروڑ روپے لے کر اس حلقے میں کام کروائے، تاہم اس کا کوئی نوٹس نہیں لیا گیا۔
چوہدری طارق فاروق نے کہا کہ انتخابات سے فرار وہی جماعت اختیار کرتی ہے جسے شکست نظر آ رہی ہو۔ میرے مدِمقابل امیدوار کو کسی سیاسی جماعت نے ٹکٹ نہیں دیا۔
انہوں نے پیپلز پارٹی سے سوال کیا کہ وہ جواب دے، میرے حلقے میں پیپلز پارٹی نے کسی امیدوار کو ٹکٹ کیوں جاری نہیں کیا؟