اٹک: ڈی سی ڈاکٹر مدثر احمد شاہ کا مون سون بارشوں کے پیش نظر مختلف علاقوں کا دورہ، انتظامات کا جائزہ

اٹک : ڈپٹی کمشنر اٹک ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے مون سون بارشوں کے پیش نظر مرزا، شکردرہ اور تحصیل حضرو کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے برساتی نالوں، پانی کے بہاؤ، ڈرینج سسٹم اور نکاسی آب کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

ڈپٹی کمشنر نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ مون سون کے دوران تمام ادارے مکمل الرٹ رہیں، نشیبی اور حساس علاقوں کی مسلسل نگرانی کی جائے اور نکاسی آب کا نظام ہر وقت فعال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ فوری طور پر دور کی جائے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام پیشگی انتظامات مکمل رکھے جائیں۔

ڈاکٹر مدثر احمد شاہ نے ریسکیو سمیت تمام متعلقہ اداروں کو مشینری، افرادی قوت اور ضروری سامان ہر وقت تیار رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال میں فوری اور مؤثر کارروائی یقینی بنائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دے رہی ہے، تمام متعلقہ محکمے باہمی رابطے اور مربوط حکمت عملی کے تحت کام کریں تاکہ مون سون بارشوں کے دوران عوام کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

دورے کے موقع پر اسسٹنٹ کمشنر حضرو ڈاکٹر عمران رفیق، ایم ڈی واسا عقیل احمد، اسسٹنٹ کمشنر اٹک عارف قریشی اور دیگر متعلقہ افسران بھی موجود تھے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں