پشاور: حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر گلزار احمد خان مبینہ بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے بعد عہدے سے معطل
پشاور: حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے ڈائریکٹر ڈاکٹر گلزار احمد خان کو مبینہ بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کا معاملہ اٹھانا مہنگا پڑ گیا، انہیں عہدے سے ہٹا کر فوری طور پر معطل کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔
معطلی کا فیصلہ ایم ٹی آئی بورڈ آف گورنرز کے ہنگامی اجلاس میں کیا گیا۔ اعلامیے کے مطابق معطلی کا مقصد مبینہ بے ضابطگیوں اور بدعنوانی کے الزامات کی شفاف اور غیرجانبدارانہ انکوائری کو یقینی بنانا ہے۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ڈاکٹر گلزار احمد خان کے خلاف شوکاز نوٹس جاری کیا جائے گا اور انکوائری مکمل ہونے تک ان کی معطلی برقرار رہے گی۔
ذرائع کے مطابق ڈاکٹر گلزار احمد خان نے مبینہ بھرتیوں میں بے ضابطگیوں کی تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن کو خط بھی تحریر کیا تھا۔