پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کے وفد کی وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان سے ملاقات
پشاور، 20 جولائی: پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن اسلام آباد راولپنڈی کے وفد نے صدر قمر یوسفزئی کی قیادت میں وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان سے ملاقات کی اور صحافیوں کو درپیش مسائل سمیت فلاحی و پیشہ ورانہ سہولیات سے متعلق مطالبات پیش کیے۔
وفد میں نائب صدور سردار یوسفزئی اور زاہد خان، سابق سیکرٹری رحمت محسود اور کوآرڈینیٹر ثاقب سعید شامل تھے۔
ملاقات میں وفد نے کہا کہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافی کئی دہائیوں سے قومی و بین الاقوامی میڈیا میں صوبے کی مؤثر نمائندگی کر رہے ہیں، تاہم وہ وفاقی اور پنجاب حکومت کی صحافی فلاحی اسکیموں سے استفادہ نہیں کر سکتے۔
وفد نے مطالبہ کیا کہ اسلام آباد و راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کو صوبائی حکومت کی فلاحی پالیسیوں میں مساوی بنیادوں پر شامل کیا جائے۔
وفد نے پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کو محکمہ اطلاعات خیبر پختونخوا کے ساتھ مستقل رابطہ کاری کے لیے باضابطہ نمائندہ فورم کا درجہ دینے، پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں رابطہ دفتر فراہم کرنے، رہائشی منصوبوں، ویلفیئر فنڈ، ہیلتھ انشورنس، مالی امداد، بلاسود قرضوں اور تربیتی پروگراموں میں صحافیوں کو شامل کرنے کے مطالبات پیش کیے۔
اس کے علاوہ محکمہ اطلاعات کی میڈیا بریفنگز، مطالعاتی دوروں، ترقیاتی منصوبوں، سیاحتی مقامات اور دیگر سرکاری سرگرمیوں میں تنظیم کی باقاعدہ نمائندگی یقینی بنانے اور اسلام آباد و راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کا باقاعدہ ڈیٹا مرتب کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا۔
وزیر اطلاعات خیبر پختونخوا شفیع جان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے پختون جرنلسٹس ایسوسی ایشن کی خدمات کو سراہا اور یقین دلایا کہ پیش کی گئی تجاویز اور مطالبات کا مثبت جائزہ لیا جائے گا۔
ملاقات میں حکومت خیبر پختونخوا اور اسلام آباد و راولپنڈی میں مقیم خیبر پختونخوا کے صحافیوں کے درمیان رابطوں اور تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔