لاہور: پٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی عوام کے لیے مستقل عذاب، احتجاج جاری رہے گا، حافظ نعیم الرحمن
لاہور، 13 جولائی 2026: امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ پٹرولیم لیوی، مہنگی بجلی اور آئی پی پیز کے مہنگے معاہدوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے، جبکہ جماعت اسلامی عوامی مسائل کے حل کے لیے اپنی احتجاجی تحریک مزید منظم کرے گی۔
منصورہ لاہور میں جماعت اسلامی کی مرکزی مجلس شوریٰ کے دو روزہ اجلاس سے اختتامی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر اور بلوچستان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے، حکومت فوری طور پر حالات کا ادراک کرے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے۔
حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ جماعت اسلامی فلسطین اور ایران کے معاملے پر اپنے اصولی مؤقف پر قائم ہے اور مظلوم اقوام کی حمایت جاری رکھے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں مثبت اور تعمیری تبدیلی، نظام کی اصلاح اور عوامی حقوق کے لیے جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے بلوچستان کے حالات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسائل کو پروپیگنڈے کے بجائے زمینی حقائق کی روشنی میں دیکھا جائے اور عوامی رائے جاننے کے لیے جدید تحقیق اور سروے سے استفادہ کیا جائے۔
امیر جماعت اسلامی نے پنجاب حکومت کی سرکاری اسکولوں کی آؤٹ سورسنگ پالیسی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ تعلیم کو تجارت نہیں بلکہ قومی ذمہ داری سمجھا جانا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پنجاب میں ایک کروڑ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، کسان مشکلات کا شکار ہیں، بنیادی مراکز صحت فروخت کیے جا رہے ہیں اور عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
اجلاس میں ملک بھر سے مرد و خواتین ارکان نے شرکت کی، جہاں ملکی و بین الاقوامی صورتحال، تنظیمی امور اور آئندہ کی سیاسی و عوامی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور مختلف اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔