اسلام آباد: وفاقی دارالحکومت میں فائرنگ کا افسوسناک واقعہ، شہری عدم تحفظ کا شکار
اسلام آباد میں رات گئے پیش آنے والے فائرنگ کے واقعے نے شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایف نائن پارک کے قریب واقع میکڈونلڈ کے باہر چند مسلح افراد نے ایک فیملی کو مبینہ طور پر ہراساں کیا اور مزاحمت پر سیدھی فائرنگ کر دی۔
ذرائع کے مطابق ملزمان میں ایک راولپنڈی پولیس کا اہلکار اور ایک مبینہ منشیات فروش شامل تھا، جبکہ ان کے ہمراہ دو دیگر نوجوان بھی موجود تھے۔ فائرنگ کے نتیجے میں ایک شخص شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
واقعے کے بعد فیملی کے افراد اور موقع پر موجود شہریوں نے بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے دو ملزمان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا، جبکہ دو دیگر ملزمان موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے جن کی تلاش کے لیے پولیس نے کارروائی شروع کر دی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے تفتیش جاری ہے اور فرار ہونے والے افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
دوسری جانب شہریوں کا کہنا ہے کہ دارالحکومت میں بڑھتے ہوئے جرائم، اسلحہ کلچر اور ڈکیتی کی وارداتوں نے عوام کو عدم تحفظ کا شکار کر دیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت اور قانون نافذ کرنے والے ادارے فوری طور پر سخت اقدامات کریں تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔