27 اکتوبر یومِ سیاہ پر کشمیری بھرپور احتجاج کریں، آزادی اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کامیابی تک جاری رہے گی، عزیر احمد غزالی
مظفرآباد: چیئرمین پاسبانِ حریت عزیر احمد غزالی نے آزاد جموں و کشمیر کے عوام، بالخصوص 1989ء کے کشمیری مہاجرین اور تمام دس اضلاع کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ 27 اکتوبر کو یومِ سیاہ کے سلسلے میں منعقدہ احتجاجی پروگراموں میں بھرپور شرکت کریں۔
انہوں نے کہا کہ آل پارٹیز حریت کانفرنس اور حکومت آزاد کشمیر کے اشتراک سے مظفرآباد میں خصوصی پروگرام منعقد کیے جائیں گے، جبکہ اٹھمقام، ہٹیاں بالا، باغ اور دیگر اضلاع کے ہیڈکوارٹرز میں بھی بھارت مخالف احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ ان مظاہروں میں بڑی تعداد میں شریک ہو کر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔
عزیر احمد غزالی نے بیرونِ ملک مقیم کشمیریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ 27 اکتوبر کو لندن، برمنگھم، بریڈفورڈ، مانچسٹر، ٹورنٹو اور دنیا کے دیگر شہروں میں احتجاجی مظاہرے منعقد کرکے بھارتی فوجی مداخلت اور جموں و کشمیر پر قبضے کے خلاف آواز بلند کریں۔
انہوں نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947 کو بھارت نے کشمیری عوام کی خواہشات کے برخلاف سری نگر میں اپنی فوجیں اتاریں، جس سے جموں و کشمیر پر فوجی قبضے کی بنیاد پڑی۔ ان کے بقول، اس کے بعد سے مقبوضہ علاقے کے عوام جبر، انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور فوجی کارروائیوں کا سامنا کر رہے ہیں۔
چیئرمین پاسبانِ حریت نے عوام سے اپیل کی کہ وہ یومِ سیاہ پر گھروں اور عمارتوں پر سیاہ پرچم لہرائیں اور بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر احتجاج ریکارڈ کرائیں، تاکہ عالمی برادری کی توجہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کی جانب مبذول کرائی جاسکے۔
انہوں نے بتایا کہ پاسبانِ حریت کی جانب سے گزشتہ سات روز سے ’’بھارتی قبضہ ختم کرو‘‘ مہم جاری ہے۔ عزیر احمد غزالی نے عزم ظاہر کیا کہ جموں و کشمیر سے بھارتی افواج کے انخلا، کشمیری عوام کو حقِ خودارادیت ملنے اور آزادی کے حصول تک جدوجہد جاری رہے گی۔
انہوں نے ایک بار پھر آزاد کشمیر کے عوام پر زور دیا کہ وہ 27 اکتوبر کے احتجاجی مظاہروں میں بھرپور شرکت کریں اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے ان کے حق میں اپنی آواز بلند کریں۔