ہزارہ ڈویژن کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے مل کر کام کریں گے، گورنر فیصل کریم کنڈی سے سردار محمد یوسف کی قیادت میں وفد کی ملاقات
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف کی قیادت میں ہزارہ ڈویژن کے وفد نے ملاقات کی، جس میں صوبے کی سیاسی صورتحال، ترقیاتی امور اور باہمی دلچسپی کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں سابق ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی مرتضیٰ جاوید عباسی، رکن قومی اسمبلی بابر نواز خان، رکن صوبائی اسمبلی سردار شہجان یوسف اور دیگر سیاسی رہنما بھی شریک تھے۔
اس موقع پر گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ صوبے بھر میں تجاوزات کے خاتمے کے لیے آپریشن شروع کیا گیا ہے اور خیبرپختونخوا میں ایک بڑی تبدیلی آئی ہے۔ اب ضروری ہے کہ اس تبدیلی کے ثمرات عوام تک پہنچیں اور انہیں درپیش مسائل حل کیے جائیں۔
ملاقات کے دوران ہزارہ ڈویژن کی ترقی، عوامی مسائل کے حل اور صوبے کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
وفد کے ارکان نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہزارہ ڈویژن کی ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے لیے گورنر خیبرپختونخوا کے ساتھ مکمل تعاون اور حمایت جاری رکھی جائے گی۔