فیصل کریم کنڈی کا پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کے لیے کیڈٹ کالج کے قیام کی غرض سے مفت سرکاری اراضی دینے کا اعلان، شہداء کی بیٹیوں کے لیے 10 لاکھ روپے جہیز فنڈ بھی قائم کرنے کا عزم
پشاور: گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں کے بہتر مستقبل اور معیاری تعلیم کے لیے صوبے میں کیڈٹ کالج کے قیام کی غرض سے مفت سرکاری اراضی فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بچوں کو بہتر تعلیم اور روشن مستقبل فراہم کرنا ہماری ترجیح ہے۔
گورنر ہاؤس پشاور میں پاکستان سویٹ ہومز کے بچوں سے ملاقات کے دوران چیئرمین پاکستان سویٹ ہومز زمرد خان اور ادارے کے ڈونرز بھی موجود تھے۔ اس موقع پر پاک فوج، ایف سی، پولیس اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے شہداء کے درجات کی بلندی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ زمرد خان پورے پاکستان میں انسانیت کی خدمت کا عظیم کام کر رہے ہیں اور ان کی فلاحی خدمات قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان سویٹ ہومز کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہو کر کام کیا جائے گا تاکہ خیبرپختونخوا کے بچوں کو تعلیم، تربیت اور بہتر مستقبل کے مواقع فراہم کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سویٹ ہومز گورنر ہاؤس پشاور میں اپنا کیمپ آفس قائم کرے تاکہ صوبے کے بچوں کی فلاح و بہبود کے لیے مشترکہ طور پر اقدامات کیے جا سکیں۔ کیڈٹ کالج کے قیام کے لیے مفت سرکاری اراضی کی فراہمی اسی سلسلے کی ایک اہم پیش رفت ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ انہوں نے اپنے پہلے سیکیورٹی اجلاس میں ہدایت کی تھی کہ وطن کے دفاع اور امن کے قیام کے لیے قربانیاں دینے والے پولیس شہداء کے بچوں کو نظرانداز نہ کیا جائے۔ ان بچوں کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ صوبہ ان کی حفاظت، سرپرستی اور بہتر مستقبل کے لیے موجود ہے۔
فیصل کریم کنڈی کے مطابق، انہوں نے صرف 48 گھنٹوں کے اندر پولیس شہداء کے بچوں کے لیے ایک بڑے پیکج کا اعلان کیا۔ ان بچوں کی فلاح و بہبود اور تعلیمی اخراجات پورے کرنے کے لیے فنڈز قائم کیے جا رہے ہیں، جبکہ شہداء کی بیٹیوں کی شادی کے اخراجات میں معاونت کے لیے جہیز فنڈ کے تحت 10 لاکھ روپے دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں امن کا قیام ہمیشہ اجتماعی کوششوں کا نتیجہ رہا ہے۔ 2013 میں تمام اسٹیک ہولڈرز، پاک فوج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کے ساتھ مل کر امن قائم کیا گیا تھا۔ اب امن کا سفر دوبارہ شروع کیا گیا ہے اور اس مقصد کے حصول کے لیے پوری قوم کو متحد ہو کر چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا۔
گورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ قومیں اتحاد اور یکجہتی کے ذریعے جنگیں لڑتی اور مشکلات پر قابو پاتی ہیں۔ خیبرپختونخوا کو ایک ترقی یافتہ، خوشحال اور پُرامن صوبہ بنانا ہمارا عزم ہے، جس کے لیے تعلیم، فلاح و بہبود اور نئی نسل کی بہتر تربیت پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان سویٹ ہومز کے ساتھ تعاون کو مزید مؤثر بنایا جائے گا تاکہ یتیم اور مستحق بچوں کو تعلیم و تربیت کی بہترین سہولیات فراہم کرکے انہیں معاشرے کا مفید اور بااعتماد شہری بنایا جا سکے۔