روجھان میں خوفناک ٹریفک حادثہ، 10 مسافر جاں بحق، 32 زخمی
ضلع راجن پور کی تحصیل روجھان میں انڈس ہائی وے پر ستارہ پمپ کے قریب خوفناک ٹریفک حادثے میں 10 مسافر جاں بحق جبکہ 32 افراد شدید زخمی ہوگئے۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق کراچی سے ڈیرہ غازی خان جانے والی عادل شاہ مسافر بس زیرِ تعمیر سڑک کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گئی، جس کے نتیجے میں جانی نقصان ہوا۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں مرد، خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔
حادثے کے بعد علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیے جانے کی اطلاعات ہیں، جبکہ حادثے کی مزید تفصیلات سامنے آنا باقی ہیں۔