پاکستان میں الیکٹرک بسوں کی تیاری کے لیے پاکستانی اور چینی کمپنیوں کے درمیان اہم پیش رفت، گو گو موٹرز اور شینگ تانگ گروپ نے مجوزہ مشترکہ منصوبے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کر دیے۔
اسلام آباد میں پاکستان چین بزنس فورم کے زیرِ اہتمام چینی وفد کے اعزاز میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان، چینی سفیر جیانگ زائی ڈونگ اور کاروباری شخصیات نے شرکت کی۔
ہارون اختر خان نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی کو صنعتی سرمایہ کاری، ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی مینوفیکچرنگ اور برآمدات میں اضافے کے ٹھوس نتائج میں تبدیل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ الیکٹرک بسوں کی مقامی تیاری سے پاکستان کی صنعتی صلاحیت میں اضافے اور نوجوانوں کے لیے روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں مدد مل سکتی ہے۔
چین کے 14 رکنی کاروباری وفد کی قیادت پی سی بی ایف بیجنگ آفس کے صدر وی لین ژو کر رہے ہیں۔ وفد اپنے 11 روزہ دورے کے دوران اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں پاکستانی کاروباری اداروں کے ساتھ ملاقاتیں کر رہا ہے۔
وفد الیکٹرک گاڑیوں، لیتھیم آئن بیٹریوں، چارجنگ انفراسٹرکچر، برقی آلات، معدنیات، سیاحت اور ادویہ سازی سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری اور مشترکہ منصوبوں کے امکانات کا جائزہ لے رہا ہے۔
حکومت نے چینی سرمایہ کاروں کو سہولتیں فراہم کرنے، خصوصی اقتصادی زونز میں سرمایہ کاری بڑھانے اور کاروباری ضابطہ کار کو آسان بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ مفاہمتی یادداشت کے تحت مجوزہ منصوبے کا مقصد ٹیکنالوجی کی منتقلی، مقامی سطح پر الیکٹرک بسوں کی تیاری اور مستقبل میں برآمدات کے مواقع تلاش کرنا ہے۔