سیالکوٹ ایئرپورٹ: قطر ایئرویز کی پرواز کے جموں میں اترنے کی خبر بے بنیاد قرار
سیالکوٹ انٹرنیشنل ایئرپورٹ انتظامیہ نے سوشل میڈیا پر قطر ایئرویز کی پرواز سے متعلق گردش کرنے والی خبروں کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوحہ سے سیالکوٹ آنے والی قطر ایئرویز کی پرواز 27 ستمبر کو مقررہ شیڈول کے مطابق سیالکوٹ ایئرپورٹ پر لینڈ ہوئی۔
ترجمان سیالکوٹ ایئرپورٹ کے مطابق پرواز نے سیالکوٹ سے دوبارہ دوحہ کے لیے بھی اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق روانگی اختیار کی۔ ترجمان نے واضح کیا کہ مذکورہ پرواز نے جموں، بھارت میں لینڈنگ نہیں کی۔
انتظامیہ کے مطابق فلائٹ ریڈار 24 پر تکنیکی خرابی اور GPS کی غلط معلومات کے باعث پرواز کی لوکیشن غلط ظاہر ہوئی، جس کے نتیجے میں سوشل میڈیا پر مختلف قیاس آرائیاں سامنے آئیں۔
سیالکوٹ ایئرپورٹ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ قطر ایئرویز کی پرواز کی سیالکوٹ ایئرپورٹ پر آمد اور روانگی کی تصدیق پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ریڈار ریکارڈ سے کی جاسکتی ہے۔