دارازندہ دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا، کسٹمز اور ریسکیو 1122 کے شہداء کو خراجِ عقیدت

دارازندہ دھماکے کے شہداء کی نمازِ جنازہ سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا، کسٹمز اور ریسکیو 1122 کے شہداء کو خراجِ عقیدت

ڈیرہ اسماعیل خان: دارازندہ امن میلہ جوائنٹ چیک پوسٹ پر ہونے والے دھماکے میں شہید کسٹمز کے حوالدار فرمان، سپاہی اسامہ اور ریسکیو 1122 کے اہلکار شریف اللہ کی نمازِ جنازہ اعجاز شہید پولیس لائنز ڈیرہ اسماعیل خان میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کر دی گئی۔

نمازِ جنازہ میں کمشنر ڈیرہ ڈویژن داور خان، اسٹیشن کمانڈر بریگیڈیئر سلمان عادل شاہ، آر پی او ڈیرہ غلام مبشر میکن، ڈی پی او ضیاء الدین احمد، کسٹمز اور ریسکیو 1122 کے اعلیٰ حکام، سیکیورٹی فورسز، پولیس افسران اور شہداء کے لواحقین نے شرکت کی۔

اس موقع پر پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہداء کے جسدِ خاکی کو سرکاری اعزاز کے ساتھ سلامی پیش کی، پھول چڑھائے اور شہداء کے درجات کی بلندی، مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی گئی۔

شرکاء نے وطن عزیز کے امن و سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداء قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

شہداء کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک میں امن و سلامتی کے لیے خدمات انجام دینے والے ہر شہید کو پوری قوم سلام پیش کرتی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں