*ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کا شکریہ، امن اور انصاف پسند ممالک فلسطین اور کشمیر کے اہم مسائل اقوامِ متحدہ میں اجاگر کریں ، عزیر احمد غزالی*
مظفرآباد ( ) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوغان کی جانب سے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں مسئلہ کشمیر کو سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دینے کا چیئرمین پاسبانِ حریت جموں کشمیر عزیر احمد غزالی نے خیر مقدم کیا ہے۔
عزیر احمد غزالی نے کہا کہ صدر اردوغان کا اقوامِ متحدہ کے عالمی فورم پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنا اس امر کی یاد دہانی ہے کہ یہ تنازع گزشتہ آٹھ دہائیوں سے اقوامِ متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے اور اس کا حل عالمی ادارے کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے اصول کے مطابق ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ 21 اپریل 1948ء کی اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 47 سمیت متعدد قراردادوں میں جموں کشمیر کے مسئلے اور عوام کے حقِ رائے دہی کا ذکر موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹھ دہائیوں سے جاری اس تنازع کو نظر انداز کرنے کے بجائے اقوامِ متحدہ کو اپنے چارٹر اور متعلقہ قراردادوں کے مطابق مؤثر کردار ادا کرنا چاہیے۔
چیئرمین پاسبانِ حریت نے امن اور انصاف پسند ممالک سے اپیل کی کہ وہ فلسطین اور کشمیر کے اہم مسائل کو اقوامِ متحدہ کے فورم پر بھرپور انداز میں اجاگر کریں اور ان کے منصفانہ، پُرامن اور پائیدار حل کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔
انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ مقبوضہ علاقوں میں انسانی حقوق کے تحفظ، سیاسی حقوق اور عوام کے حقِ خودارادیت کے اصولوں کو یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔۔۔۔۔۔