مانسہرہ میں بفہ دوراہا میں مبینہ غیر قانونی تمباکو خریداری کا انکشاف ہوا ہے، جس پر تمباکو کاشتکاروں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ایک پرائیویٹ شخص کی جانب سے مبینہ طور پر کروڑوں روپے مالیت کا تمباکو ٹیکس کی ادائیگی سے بچتے ہوئے خریدا جا رہا ہے، جس سے قومی خزانے کو لاکھوں روپے نقصان پہنچنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران تقریباً 10 سے 12 گاڑیاں تمباکو خرید کر لے جائی جا چکی ہیں۔ الزام ہے کہ حکومت کی جانب سے تمباکو خریداری کے لیے مقرر کردہ کمپنیوں کے علاوہ دیگر افراد کی جانب سے خریداری قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کے زمرے میں آتی ہے۔ ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ مبینہ خریداری کے باعث حکومتی خزانے کو 40 سے 50 لاکھ روپے تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔
علاقہ مکینوں اور تمباکو کاشتکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ بفہ دوراہا میں ہونے والی مبینہ خریداری کا فوری نوٹس لے کر خریداری کے اجازت ناموں، ٹیکس ریکارڈ اور دیگر متعلقہ دستاویزات کی جانچ پڑتال کی جائے اور اگر بے ضابطگیاں ثابت ہوں تو ذمہ دار عناصر کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے۔