بلوچستان کے علاقے دشت میرانی میں سیکیورٹی فورسز کی کارروائی، خواتین اور بچوں سمیت 58 غیر قانونی افغان باشندے گرفتار
بلوچستان: سیکیورٹی فورسز نے دشت میرانی میں بروقت کارروائی کرتے ہوئے انسانی اسمگلنگ کی کوشش ناکام بنا دی، کارروائی کے دوران خواتین اور بچوں سمیت 58 غیر قانونی افغان باشندوں کو حراست میں لے لیا گیا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار افغان باشندے انسانی اسمگلروں کے ذریعے پاکستان کے راستے ایران اور پھر یورپ جانے کی کوشش کر رہے تھے۔ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے متعلقہ پولیس حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ سرحدی علاقوں میں انسانی اسمگلنگ کے خلاف مؤثر اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ سیکیورٹی فورسز غیر قانونی نقل و حرکت روکنے اور سرحدی علاقوں میں قانون کی عملداری یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔