ایپل کا نیا آئی فون 18 پرو متعارف، برگرنڈی رنگ نے صارفین کی توجہ حاصل کرلی
ایپل نے 9 ستمبر 2026 کو اپنے نئے iPhone 18 Pro اور iPhone 18 Pro Max متعارف کرادیے، جن میں پہلی بار نیا دلکش برگرنڈی (گہرا سرخی مائل) رنگ بھی شامل کیا گیا ہے۔
ایپل کے مطابق آئی فون 18 پرو میں جدید A20 Pro چپ، بہتر بیٹری، نئی ویپر چیمبر کولنگ ٹیکنالوجی اور جدید 48 میگا پکسل کیمرا سسٹم دیا گیا ہے، جبکہ مین کیمرے میں ویری ایبل اپرچر کی سہولت بھی شامل کی گئی ہے۔
بھارت میں iPhone 18 Pro کی ابتدائی قیمت ایک لاکھ 64 ہزار 900 بھارتی روپے مقرر کی گئی ہے۔ نئے فونز چار رنگوں برگرنڈی، گلیشیئر، سلور اور بلیک میں دستیاب ہوں گے، جبکہ پری آرڈرز 12 ستمبر سے اور باقاعدہ فروخت 18 ستمبر سے شروع ہوگی۔
دوسری جانب بھارت میں ایک دلچسپ ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر توجہ حاصل کر رہی ہے، جس میں ایک پرانے نارنجی رنگ کے آئی فون کو نئے برگرنڈی رنگ جیسا بنانے کے لیے اس پر خصوصی ونائل ریپ لگایا گیا۔ صارفین نے کیمرے کے کٹ آؤٹس اور دیگر ڈیزائن کو برقرار رکھتے ہوئے فون کو نئی شکل دے دی، جسے سوشل میڈیا پر تخلیقی انداز قرار دیا جا رہا ہے۔