قلات میں سیکیورٹی فورسز کا کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، 12 دہشتگرد ہلاک
وزیراعظم شہباز شریف کی سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین، دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک جنگ جاری رکھنے کے عزم کا اظہار
راولپنڈی/لاہور، 4 ستمبر 2026: سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب آپریشن کرتے ہوئے بھارتی پراکسی فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 2 ستمبر 2026 کو ضلع قلات میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع پر سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کے ٹھکانے کی نشاندہی کی گئی، جسے مؤثر اور فوری کارروائی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی کارروائی میں تمام 12 بھارتی سرپرستی یافتہ دہشتگرد مارے گئے، جبکہ دہشتگردوں کے ٹھکانے سے موجود اسلحہ، گولہ بارود اور دیسی ساختہ دھماکا خیز مواد کو بھی موقع پر ہی تباہ کر دیا گیا۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق علاقے میں مزید ممکنہ دہشتگردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان سے منظور شدہ وژن عزمِ استحکام کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی دہشتگردی کے خلاف مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، اور ملک سے بیرونی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بلوچستان کے ضلع قلات میں فتنہ الہندوستان کے دہشتگردوں کے خلاف کامیاب آپریشن پر سیکیورٹی فورسز کے افسران اور جوانوں کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔
وزیراعظم نے 12 دہشتگردوں کو ہلاک کرنے پر سیکیورٹی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک اس کے خلاف جنگ جاری رکھی جائے گی۔
وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز کے افسران اور اہلکار وطن عزیز کے امن کو نقصان پہنچانے والے دہشتگردوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وطن عزیز کی حفاظت کے غیر متزلزل عزم میں وہ خود اور پوری قوم افواجِ پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔
وزیراعظم نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ دہشتگردوں کو بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے کے اپنے مذموم عزائم میں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔