شمالی وزیرستان میں خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، 15 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر

شمالی وزیرستان میں خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام، 15 دہشتگرد ہلاک: آئی ایس پی آر

راولپنڈی: سیکیورٹی فورسز نے شمالی وزیرستان کے علاقے میں پاک افغان سرحد سے خوارج کی دراندازی کی کوشش ناکام بناتے ہوئے 15 خوارج کو ہلاک کردیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج سے تعلق رکھنے والے گروہ کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا، جو شمالی وزیرستان کے بالمقابل پاک افغان سرحد سے پاکستان میں دراندازی کی کوشش کر رہا تھا۔

سیکیورٹی فورسز نے پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے خوارج کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 36 گھنٹے تک جاری رہنے والی کارروائی میں درست اور مؤثر کارروائی کے نتیجے میں 15 خوارج ہلاک ہوئے۔

فالو اَپ کلیئرنس آپریشن کے دوران ہلاک خوارج کے قبضے سے بڑی تعداد میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ یہ واقعہ ایک بار پھر پاکستان کے اس مؤقف کی تائید کرتا ہے کہ افغان طالبان حکومت دہشتگرد تنظیموں کو افغان سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال کرنے سے روکنے اور مؤثر بارڈر مینجمنٹ میں ناکام رہی ہے۔

بیان کے مطابق سیکیورٹی فورسز ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے پرعزم ہیں، جبکہ علاقے میں مزید خوارج کی تلاش اور خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ ’’عزمِ استحکام‘‘ کے تحت غیر ملکی سرپرستی اور معاونت سے ہونے والی دہشتگردی کے خاتمے کے لیے سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں بھرپور انداز میں جاری رہیں گی۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں