پنجاب وفد کا گیزو نیشنل بگ ڈیٹا پائلٹ زون کا دورہ، ڈیجیٹل تعاون بڑھانے میں دلچسپی
لاہور: صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات اور صوبائی معاون خصوصی علی ڈار کی سربراہی میں پنجاب کے وفد نے چین کے گیزو نیشنل بگ ڈیٹا جامع پائلٹ زون کے کمیونیکیشن اینڈ ایکسپیرینس سینٹر کا دورہ کیا۔
اس موقع پر وفد کو بگ ڈیٹا پائلٹ زون میں صنعت کے تاریخی ارتقاء، حکومتی امور، عوامی معاش اور صنعتی ترقی میں سینٹر کے کردار کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
پنجاب کے وفد نے چین کے پہلے قومی سطح کے بگ ڈیٹا پائلٹ زون کی کامیابیوں، مستقبل کے منصوبوں اور ڈیجیٹل جدت کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ لیا اور انہیں سراہا۔
وفد نے چین اور پاکستان کے درمیان ڈیجیٹل تعاون کے نئے مواقع پیدا کرنے میں بھی گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ وفد کا کہنا تھا کہ بڑی ڈیٹا انڈسٹری کی صلاحیتوں سے پاکستان کی ترقیاتی ضروریات کے مطابق ٹیکنالوجی کے نفاذ اور ڈیٹا تعاون کے شعبے میں استفادہ کیا جاسکتا ہے۔
پنجاب کے وفد نے کہا کہ صوبے میں سموگ اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے گیزو بگ ڈیٹا پائلٹ زون کی جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھایا جاسکتا ہے۔
وفد کو بتایا گیا کہ بگ ڈیٹا پائلٹ زون ڈیٹا اسٹوریج، اسمارٹ لاجسٹکس، ماحولیاتی مانیٹرنگ، خودکار گاڑیوں اور مصنوعی ذہانت (AI) سمیت متعدد جدید شعبوں میں اہم کردار ادا کر رہا ہے۔
وفد نے جدید ٹیکنالوجی اور بگ ڈیٹا کے شعبے میں چین کے تجربات سے استفادہ کرنے اور پاکستان، بالخصوص پنجاب میں ڈیجیٹل جدت کو فروغ دینے کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔