بلوچستان حکومت نے ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے وابستہ قرار دی جانے والی 9 انتہائی مطلوب خواتین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر انعام مقرر کردیا۔

بلوچستان حکومت کا 9 مطلوب خواتین سے متعلق انعامی اعلان

کوئٹہ: بلوچستان حکومت نے ’’فتنہ الہندوستان‘‘ سے وابستہ قرار دی جانے والی 9 انتہائی مطلوب خواتین کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر انعام مقرر کردیا۔

حکومت بلوچستان کے مطابق مطلوب خواتین کے بارے میں قابلِ اعتماد معلومات فراہم کرنے، ان کی نشاندہی یا گرفتاری میں مدد دینے والوں کو 10 سے 15 لاکھ روپے تک انعام دیا جائے گا۔

حکام کے مطابق اطلاع دینے والے افراد کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی، جبکہ مطلوب خواتین سے متعلق معلومات حکومت بلوچستان کی جانب سے فراہم کردہ مقررہ رابطہ نمبرز پر دی جا سکتی ہیں۔

حکومت بلوچستان کے مطابق مطلوب خواتین کا تعلق گوادر، جیونی اور تربت سے بتایا گیا ہے۔ مطلوب خواتین میں حنیفاں بی بی، عائشہ، رقیہ، حفصہ، زہرہ، امینہ بانی، زرمین اور عزیزاں شامل ہیں۔

حکام کے مطابق آٹھ مطلوب خواتین کے سر کی قیمت 10، 10 لاکھ روپے جبکہ عزیزاں کے لیے 15 لاکھ روپے انعام مقرر کیا گیا ہے۔

حکومت بلوچستان کا الزام ہے کہ مذکورہ خواتین صوبے میں امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں اور سادہ لوح خواتین کو ورغلا کر بدامنی پھیلانے کے مقاصد کے لیے استعمال کرتی ہیں۔

حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ مطلوب افراد سے متعلق کسی بھی قابلِ اعتماد اطلاع کی صورت میں متعلقہ حکام کو آگاہ کیا جائے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں