پاکستان مشن انٹرنیشنل کا سالانہ جنرل اجلاس، شکیل احمد صدر، ہما اشعر جنرل سیکرٹری 4 سال کے لیے بلا مقابلہ منتخب

پاکستان مشن انٹرنیشنل کا سالانہ جنرل اجلاس، نئی ایگزیکٹو کونسل چار سال کے لیے منتخب

سڈنی: پاکستان مشن انٹرنیشنل (PMI) کا سالانہ جنرل اجلاس (AGM 2026) آبرن، سڈنی میں منعقد ہوا، جس میں تنظیم کی نئی ایگزیکٹو کونسل آئندہ چار سال کے لیے بلا مقابلہ منتخب کرلی گئی۔

اجلاس اتوار 2 اگست 2026 کو شام 4 بجے 63 آبرن روڈ، آبرن میں منعقد ہوا، جس کی صدارت پاکستان مشن انٹرنیشنل کے صدر شکیل احمد نے کی۔

اجلاس کے آغاز میں گزشتہ سالانہ جنرل اجلاس کی کارروائی اور منٹس پیش کیے گئے، جنہیں اراکین نے متفقہ طور پر منظور کرلیا۔ بعد ازاں تنظیم کی مالیاتی رپورٹ بھی اجلاس میں پیش کی گئی، جس کی توثیق کردی گئی۔

صدر شکیل احمد نے سالانہ رپورٹ پیش کرتے ہوئے گزشتہ مدت کے دوران پاکستان مشن انٹرنیشنل کی مختلف سرگرمیوں، کامیابیوں اور سماجی و فلاحی منصوبوں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ انہوں نے سابق جنرل سیکرٹری اسد صغیر اور خزانچی عامر قریشی کی تنظیم کے لیے خدمات کو بھی سراہا۔

اجلاس میں نامزد ٹرسٹیز کا انتخاب عمل میں لایا گیا، جس کے بعد ٹرسٹیز افتخار حسین اور محمد اختر کی نگرانی میں ایگزیکٹو کونسل کے انتخابات ہوئے۔ تنظیم کے آئین کے مطابق ہر عہدے کے لیے صرف ایک درست نامزدگی موصول ہونے پر تمام امیدوار آئندہ چار سال کے لیے بلا مقابلہ منتخب قرار پائے۔

نئی ایگزیکٹو کونسل میں شکیل احمد صدر، ہما اشعر جنرل سیکرٹری، ناصر نواز جوائنٹ سیکرٹری، شاہد ملک سیکرٹری ثقافت و اطلاعات جبکہ عرفانہ قریشی خزانچی منتخب ہوئی ہیں۔

اجلاس میں بتایا گیا کہ کوآرڈینیٹرز، مشیروں اور مختلف ورکنگ کمیٹیوں کا اعلان بھی جلد کیا جائے گا۔

ٹرسٹیز اور اراکین نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ نئی قیادت پاکستان مشن انٹرنیشنل کے مقاصد کو آگے بڑھانے اور آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی خدمت کے لیے مؤثر کردار ادا کرے گی۔

نو منتخب صدر شکیل احمد اور دیگر عہدیداران نے ٹرسٹیز اور اراکین کا اعتماد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

اجلاس کے دوران آسٹریلیا میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش اہم مسائل اور ان کے ممکنہ حل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ان مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات اور پیش رفت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

پاکستان مشن انٹرنیشنل کا سالانہ جنرل اجلاس شام 7 بجے اختتام پذیر ہوا، جس میں پاکستان اور اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح و بہبود کے لیے مزید مؤثر، مثبت اور نتیجہ خیز منصوبوں پر کام جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں