اٹک: بجلی چوری کا غلط الزام، عدالت نے آئیسیکو افسران کے خلاف شہری کے حق میں فیصلہ سنا دیا
خاتون سینئر سول جج اٹک منزہ عاصم نے بجلی چوری کے غلط اور بے بنیاد الزام کے تحت شہری کو بھیجے گئے بل اور بجلی کا میٹر اتارنے کے معاملے پر آئیسیکو افسران کے خلاف فیصلہ سنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق آئیسیکو کی جانب سے شہری محمد عارف پر بجلی چوری کا الزام عائد کرتے ہوئے ایک لاکھ 84 ہزار 234 روپے کا بل بھیجا گیا اور بجلی کا میٹر بھی اتار لیا گیا تھا۔
جس پر شہری نے وکیل ہائی کورٹ ظفر محمود اعوان ایڈووکیٹ کے ذریعے آئیسیکو اسلام آباد، ایکسین آئیسیکو اٹک اور ایس ڈی او آئیسیکو ہٹیاں کامرہ کو فریق بناتے ہوئے عدالت سے رجوع کیا۔
عدالت میں فریقین کے جوابات اور شہادتیں مکمل ہونے کے بعد وکیل مدعی ظفر محمود اعوان ایڈووکیٹ کے دلائل سے اتفاق کرتے ہوئے خاتون سینئر سول جج منزہ عاصم نے شہری محمد عارف کے حق میں فیصلہ ڈگری کر دیا۔
عدالتی فیصلے سے شہری کو بڑا ریلیف ملا ہے۔