
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی ملاقات، امن و امان اور سیاسی امور پر گفتگو
وزیراعظم محمد شہباز شریف سے نیشنل پارٹی کے سربراہ، سابق وزیراعلیٰ بلوچستان اور رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔
ملاقات میں بلوچستان میں امن و امان کی مجموعی صورتحال، سیاسی معاملات اور باہمی دلچسپی کے دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار، وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثناء اللہ، سینیٹر جان محمد بلیدی، رکن قومی اسمبلی پھولین بلوچ، رکن قومی اسمبلی جمال شاہ کاکڑ اور نیشنل پارٹی پنجاب کے صدر ایوب ملک بھی موجود تھے۔
بعد ازاں ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن کی اسلام آباد میں واقع رہائش گاہ پر بھی ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں کے درمیان ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ ملاقات میں سینیٹر مولانا عطاء الرحمٰن اور سینیٹر مولانا عطاء الحق درویش بھی شریک تھے۔