کراچی: ڈاکٹر آکاش قتل کیس میں اہم پیش رفت، دو مشتبہ افراد حراست میں
کراچی: ڈاکٹر آکاش قتل کیس کی تحقیقات میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق جامشورو کے نواحی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے افراد کی شناخت رام چندر اور ساگر کمار کے نام سے ہوئی ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق دونوں افراد کے بارے میں شبہ ہے کہ وہ ڈکیتی کی واردات اور سہولت کاری میں ملوث ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے تحقیقات جاری ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق پولیس نے واقعے کے بعد ہائی وے پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی فوٹیجز حاصل کرکے ملزمان کے فرار کے ممکنہ راستوں کا تفصیلی جائزہ لیا۔ فوٹیجز کی مدد سے مشتبہ افراد کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا گیا۔
ذرائع کے مطابق جائے وقوعہ اور اس کے اطراف کی جیو فینسنگ بھی کی گئی، جبکہ علاقے میں استعمال ہونے والے موبائل فونز کا ڈیٹا اور لوکیشن بھی حاصل کی گئی۔ جدید ڈیجیٹل فارنزک، جیوگرافیکل تجزیے اور فیلڈ انٹیلیجنس کی مدد سے تفتیشی ٹیم مشتبہ افراد کے ممکنہ ٹھکانے تک پہنچی۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں مشتبہ افراد کو مزید تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے۔