سیاست لوٹوں، بھتہ خوروں کے ہاتھوں میں رہی تو کوئی انقلاب نہیں آئے گا، حافظ نعیم الرحمن

سیاست لوٹوں، بھتہ خوروں کے ہاتھوں میں رہی تو کوئی انقلاب نہیں آئے گا، حافظ نعیم الرحمن

پی ٹی آئی ممبران اسمبلی کا قائد جیل میں خود لامتناہی مراعات کا بل پاس کرلیا

پٹرول سستا نہ ہوا تو پورے ملک کی سڑکیں جام کردیں گے، امیر جماعت اسلامی پاکستان کا بہاولنگر میں جلسہ عام سے خطاب

بہاولنگر: 9 جولائی 2026ء
امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ موجودہ سیاسی و حکومتی نظام ملک کو تباہی کی طرف لے گیا ہے، سیاست لوٹوں اور بھتہ خوروں کے ہاتھوں میں رہی تو کوئی انقلاب نہیں آئے گا۔ پٹرول 225روپے لیٹر کیا جائے، پٹرولیم لیوی ختم اور آئی پی پی مافیا سے عوام کی جان چھڑائی جائے، مطالبات پورے نہ ہوئے تو سڑکیں جام کردیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بہاولنگر میں جماعت اسلامی کے زیر اہتمام ’’حق دو بہاولنگر کو‘‘ مارچ کے اختتام پر منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے جماعت اسلامی پنجاب جنوبی کے امیر سید ذیشان اختر اور ضلعی امیر ارسلان خان خاکوانی نے بھی خطاب کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ہم تو پنجاب ، سندھ اور بلوچستان میں حالات کا رونا رو رہے تھے کہ پتا چلا خیبرپختونخوا اسمبلی نے ممبران کے لیے مراعات سے بھرپور بل پاس کرلیا ، پی ٹی آئی ممبران اسمبلی کے حالات دیکھ لیں کہ ان کا قائد جیل میں پڑا ہے اور یہ خود مراعات سمیٹ رہے ہیں۔ انہوں نے پنجاب میں گورننس (Governance) کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صوبہ میں ایک کروڑ بچے سکول نہیں جاتے، پچیس ہزار سکولوں کو فروخت کیا جارہا ہے، پنجاب کا چھوٹا کسان رو رہا ہے، صوبہ کی زراعت تباہ ہوگئی، گزشتہ چھ برسوں میں صوبہ میں غربت میں اکتالیس فیصد اضافہ ہوا اور مریم نواز نے اپنے لیے گیارہ ارب کا جہاز خرید لیا، فارم سنتالیس سے مسلط لوگ جو عوام پر مسلط کردیے ہیں بدترین حکمران ثابت ہوئے ہیں، عوام انہیں رخصت کرنے کے لیے بڑی جدوجہد کی تیاری کریں اور جماعت اسلامی کے ممبر بنیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ پنجاب حکومت کو بلدیاتی انتخاب سے بھاگنے کا موقع نہیں دیں گے، جماعت اسلامی ہر یونین کونسل میں امیدوار دے گی۔
حافظ نعیم الرحمن نے شدید گرمی میں پانچ سو کلومیٹر مارچ کرنے پر ارسلان خاکوانی اور ان کی ٹیم کی تحسین کی اور حق دو بہاولنگر کو تحریک کے تمام مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بہاولنگر کے کارکنان نے شدید گرمی میں طویل پیدل مارچ کرکے تاریخ رقم کی ہے۔ ارسلان خان خاکوانی کی قیادت میں پورے ضلع میں ہونے والا لانگ مارچ کسی ذاتی مفاد کے لیے نہیں بلکہ بہاولنگر کے نوجوانوں، ماؤں، بہنوں، بچوں اور محروم عوام کے حقوق کے لیے تھا۔ انہوں نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ صرف بہاولنگر ہی نہیں پورے پنجاب کے عوام بنیادی سہولیات سے محروم ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ 78 برس سے ایک ہی طبقہ مختلف جماعتوں کے نام پر اقتدار پر قابض ہے، جبکہ فارم 47 کی بنیاد پر وجود میں آنے والی نماءندگی عوام کے مسائل حل کرنے میں مکمل ناکام ہو گئی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ عوام کو مفت اور معیاری تعلیم، صحت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ نے کہا کہ پنجاب کی ترقی صرف اشتہارات میں دکھائی دیتی ہے، جبکہ زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز سے سوال کیا کہ ان کا خاندان گزشتہ چار دہائیوں سے اقتدار میں ہے، پھر بھی صوبہ میں تعلیم اور صحت کا بدترین نظام کیوں ہے؟ انہوں نے کہا کہ ظلم پر مبنی اس نظام نے عوام سے آگے بڑھنے کا حق چھین لیا ہے، جماعت اسلامی ہر بچے کے لیے مفت اور معیاری تعلیم کا مطالبہ کرتی ہے۔
سید ذیشان اختر نے کہا کہ حافظ نعیم الرحمن پاکستان میں تبدیلی کی سیاست کا روشن چہرہ ہیں، جبکہ ارسلان خان خاکوانی نے بہاولنگر کے عوام کے حقوق کی مؤثر جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورا جنوبی پنجاب مسلسل پسماندگی کا شکار ہے، مگر حکمرانوں کو بہاولنگر سمیت اس خطے کے بگڑتے حالات کی کوئی فکر نہیں۔
ارسلان خان خاکوانی نے کہا کہ بہاولنگر کے حقوق کے لیے نو روز میں 500 کلومیٹر کا پیدل مارچ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ زرعی ضلع ہونے کے باوجود بہاولنگر بنیادی سہولیات سے محروم ہے۔ شہریوں کو صاف پانی، معیاری صحت کی سہولیات اور مناسب طبی عملہ میسر نہیں، ہسپتالوں میں صرف ایک ڈاکٹر چوبیس گھنٹے ڈیوٹی دیتا ہے ۔ بہاولنگر کے عوام گندا پانی پینے پر مجبور ہیں۔

شکیل احمد ترابی سیکرٹری اطلاعات رابطہ نمبر: 03219559222

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں